ہفتہ 29 مارچ 2025 - 08:38
یوم القدس کی ریلیاں اسلام دشمن طاقتوں کے لیے واضح پیغام ہیں، حجۃ الاسلام والمسلمین سید احمد رضوی

حوزہ/ یوم القدس اور جمعۃ الوداع کے موقع پر سورُو میں انجمن صاحب الزمانؑ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس کے علاوہ سانکوہ میں بھی یوم القدس کی مناسبت سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،یوم القدس اور جمعۃ الوداع کے موقع پر سورُو میں انجمن صاحب الزمانؑ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس کے علاوہ سانکوہ میں بھی یوم القدس کی مناسبت سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

تصاویر دیکھیں:

یوم القدس کے موقع پر سورُو میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد

سورُو میں نمازِ جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین آقا سید احمد رضوی نے پڑھائی، جس کے فوراً بعد خمینی چوک سے یوم القدس کی ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ تیسور پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں بزرگ، خواتین، نوجوان، اسکولی طلبہ اور بچیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فضا "مرگ بر امریکہ، مرگ بر اسرائیل"، "فلسطین کے مجاہدو، ہم تمہارے ساتھ ہیں"، "ہم رہبری، ہم مرجعی"، "یا خامنه‌ای"، "لبیک یا خامنه‌ای" جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔

جب ریلی امام بارگاہ تیسور پہنچی تو وہاں قرآن کریم کی تلاوت سے باقاعدہ جلسے کا آغاز ہوا۔ تلاوت مولانا الیاس نے کی، جبکہ جلسے کی نظامت رجب علی ٹنگولی نے انجام دی۔ جلسے میں آغا عین الہدی اور ڈاکٹر ہادی نے خطاب کیا اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر ہادی نے اپنی تقریر میں الاحسان کمیٹی کے قواعد و ضوابط پیش کیے، جو کہ انجمن صاحب الزمانؑ کے تحت کام کرنے والی ایک فلاحی تنظیم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کمیٹی یتیم اور بے سہارا بچوں کو تعلیم، کتابیں اور یونیفارم مہیا کرتی ہے۔

آخر میں جلسے کے صدر محترم حجۃ الاسلام والمسلمین آقا سید احمد رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا:"یوم القدس کی ریلیوں میں عوام کی وسیع شرکت، اسلام دشمن طاقتوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔ درحقیقت، یہ فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اعلان اور عالمی ظالم قوتوں کے خلاف شدید نفرت و بیزاری کا اظہار ہے۔"

انہوں نے مزید کہا: "ظالم طاقتیں انسانی اور اسلامی حقوق کو نظر انداز کر چکی ہیں اور تاریخِ بشریت کی تمام اخلاقی اقدار کو پامال کر رہی ہیں۔ ان کے جرائم کی کوئی حد و قیود نہیں، اور وہ ہر ممکن طریقے سے ظلم، جبر، دھمکی اور لالچ کے ذریعے اقوامِ عالم پر اپنی بالادستی قائم رکھنا چاہتے ہیں۔"

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ عوامی تحریک جلد ہی غاصب صیہونی ریاست کے خاتمے کا سبب بنے گی، اور وہ دن دور نہیں جب قبلۂ اول آزاد ہوگا اور اسرائیل کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

ریلی کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری بسیج بقیۃ اللہ اور انجمن صاحب الزمانؑ ٹنگول کے نوجوانوں نے انجام دی۔ آخر میں دعائے فرج کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha