اتوار 4 مئی 2025 - 13:26
حضرت معصومہ (س)، ولایت‌مدار خاتون جو سعادت و طہارت کا پیغام لائیں؛ محترمہ مرضیہ اصغری

حوزہ/ بندرعباس کے مدرسہ علمیہ تخصصی الزہرا (سلام اللہ علیہا) میں ایک تربیتی نشست منعقد ہوئی جس میں دینی علوم کی ماہر خاتون، محترمہ مرضیہ اصغری نے حضرت فاطمہ معصومہ (سلام اللہ علیہا) کی عظمت، علمی و روحانی مقام اور ان کی سیرت سے ملنے والے اہم دروس پر روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بندرعباس کے مدرسہ علمیہ تخصصی الزہرا (سلام اللہ علیہا) میں ایک تربیتی نشست منعقد ہوئی جس میں دینی علوم کی ماہر خاتون، محترمہ مرضیہ اصغری نے حضرت فاطمہ معصومہ (سلام اللہ علیہا) کی عظمت، علمی و روحانی مقام اور ان کی سیرت سے ملنے والے اہم دروس پر روشنی ڈالی۔

محترمہ اصغری نے گفتگو کے آغاز میں حضرت معصومہ (س) کے بارے میں امام جعفر صادق (علیہ السلام) کی پیش گوئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام صادق (ع) نے آپ کی ولادت سے ۴۵ سال قبل آپ کی آمد کی بشارت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت معصومہ (سلام اللہ علیہا) نہ صرف محدثہ اور عالمہ تھیں بلکہ ایک ایسی حکیمہ خاتون تھیں جن کی احادیث آج بھی شیعہ عقائد، ولایتِ علی (ع) اور محبتِ اہل بیت (ع) کی ترویج کا ذریعہ ہیں۔ ان میں سب سے مشہور حدیث، "من مات علی حب آل محمد مات شهیداً" (جو آل محمد کی محبت پر مرے وہ شہید مرا)، آج بھی دلوں کو منور کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت معصومہ (س) کی زندگی کا سب سے بڑا درس "ولایت‌مداری" ہے۔ آپ اپنے وقت کے امام، حضرت امام رضا (علیہ السلام) کی شدید محبت میں مبتلا تھیں اور اسی شوق میں مدینہ سے طوس کے سفر پر روانہ ہوئیں تاکہ امام (ع) کی زیارت سے مشرف ہوں۔ ان کی یہ تمنا ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ہمیں بھی اپنے امام زمانہ (عج) کی معرفت اور ان سے قلبی وابستگی کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔

مرضیہ اصغری نے بتایا کہ امام رضا (علیہ السلام) نے حضرت معصومہ (سلام اللہ علیہا) کے لیے خاص زیارت‌نامہ تحریر فرمایا ہے، جو ان کی روحانی بلندی اور مقامِ عرفانی کی واضح دلیل ہے۔ اس زیارت‌نامے میں مومنین خداوند متعال سے یہ دعا کرتے ہیں کہ وہ حضرت معصومہ (س) کے طفیل انہیں سعادت و نجات عطا فرمائے۔

انہوں نے بیٹی کے مقام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بیٹی اللہ کی نعمت ہے جو گھر میں برکت و روشنی کا ذریعہ بنتی ہے۔ حضرت معصومہ (سلام اللہ علیہا) کی زیارت انسان کے دل و روح کو پاکیزگی بخشتی ہے اور ان کی فضیلتوں کو زبان سے مکمل بیان کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت معصومہ (س) کی ولادت کا دن بطور "روز دختر" منانا، نہ صرف باعث افتخار ہے بلکہ ان کے سیرت و کردار سے عملی الہام لینے کا موقع بھی ہے۔

یہ نشست اس پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ حضرت معصومہ (سلام اللہ علیہا) کی ولایت‌مدار شخصیت، ہر دور کی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور ان کی سیرت کا مطالعہ و اتباع ہماری روحانی بلندی، طہارت نفس اور نجات کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha