حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی روایات کے مطابق بعض اعمال ایسے ہیں جن کو اپنانے سے انسان کی عمر میں اضافہ اور اس کی زندگی میں برکت آتی ہے۔ آج کی تیزرفتار دنیا میں یہ جاننا ضروری ہے کہ وہ کون سے کام ہیں جو نہ صرف آخرت کے لیے مفید ہیں بلکہ دنیاوی لحاظ سے بھی انسان کے لیے باعث خیر ہیں۔
سوال: کیا روایات میں ایسے اعمال کا ذکر ہے جو عمر بڑھانے کا سبب بنتے ہوں؟
جواب: جی ہاں! اسلامی احادیث میں کئی ایسے اعمال و آداب بیان ہوئے ہیں جو انسان کی عمر بڑھانے میں مؤثر سمجھے گئے ہیں۔ ان میں سے بعض درج ذیل ہیں:
1. زیارت امام حسین علیہ السلام
احادیث میں زیارت امام حسینؑ کو عمر دراز ہونے کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔
امام باقر و امام صادق علیہما السلام سے روایت ہے کہ:
> خداوند متعال نے امام حسینؑ کی شہادت کے بدلے ان کے زائرین کو یہ نعمت دی ہے کہ زیارت کے ایام ان کی عمر میں شمار نہیں ہوتے۔
مزید ایک روایت میں امام صادقؑ فرماتے ہیں:
اے عبدالملک! زیارت امام حسینؑ کو ترک نہ کرو، کیونکہ اس سے عمر دراز ہوتی ہے، روزی میں وسعت آتی ہے، اور انسان سعادت مند زندگی گزارتا ہے۔
2. صلہ رحمی (رشتہ داروں سے تعلق جوڑنا)
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جو شخص چاہے کہ اس کی عمر دراز ہو اور رزق میں برکت آئے، وہ صلہ رحمی کرے۔
ایک اور حدیث میں فرمایا: اگرچہ لوگ گناہگار ہوں، لیکن صلہ رحمی کی برکت سے ان کی عمر میں اضافہ ہوتا ہے اور مال میں اضافہ ہوتا ہے۔
3. تقویٰ (پرہیزگاری)
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم: جو چاہے کہ عمر دراز ہو اور رزق میں وسعت ہو، تقویٰ اختیار کرے اور صلہ رحمی کرے۔
4. دعا
معصومین علیہم السلام کی دعاؤں میں بار بار خدا سے عمر دراز اور بابرکت زندگی کی درخواست کی گئی ہے۔ امام زین العابدینؑ دعا ابوحمزہ ثمالی میں فرماتے ہیں: اے پروردگار! مجھے ان لوگوں میں سے قرار دے جن کی عمر دراز، عمل نیک، نعمت کامل اور زندگی پاکیزہ ہو۔
5. نیکی، صدقہ و احسان
امیر المؤمنینؑ فرماتے ہیں: زیادہ نیکی کرنا عمر میں اضافہ کا باعث بنتا ہے۔
امام باقرؑ: خیرات اور خفیہ صدقہ، فقر کو دور کرتا ہے، عمر میں اضافہ کرتا ہے اور 70 قسم کی بد موت سے نجات دیتا ہے۔
6. والدین اور اہل خانہ سے حسن سلوک
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم: جو چاہے کہ عمر دراز ہو اور رزق میں کشادگی ہو، وہ اپنے والدین کے ساتھ حسن سلوک کرے۔
امام صادقؑ: اگر تم چاہتے ہو کہ تمہاری عمر میں اضافہ ہو، تو اپنے والدین کو خوش کرو۔
7. نیک نیت، اچھے اخلاق و گفتار
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم: جسے سچائی، انصاف، نیکی بر والدین، اور صلہ رحمی کی توفیق ہو، اس کی عمر دراز، رزق وسیع، عقل کامل اور قبر کے سوالات میں کامیابی حاصل ہوتی ہے۔
امام صادقؑ فرماتے ہیں: نیکی اور حسن اخلاق شہروں کو آباد کرتے ہیں اور عمر کو دراز کرتے ہیں ۔
اسلامی روایات میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ صرف زندگی کا طولانی ہونا کافی نہیں، بلکہ بابرکت اور نیک عمل والی زندگی ہونی چاہیے۔ اگر انسان کی عمر شیطانی کاموں میں صرف ہو تو بہتر ہے کہ ایسی زندگی سے پہلے موت آ جائے، جیسا کہ امام سجادؑ نے دعا کی ہے۔
18:37 - 2025/05/12









آپ کا تبصرہ