حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی انصاراللہ تحریک کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے اسلامی جمہوریہ ایران کو اسرائیلی جارح، ظالم اور مجرم دشمن پر عظیم فتح حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا: "ہم ایران کی اس بڑی کامیابی پر نہ صرف ایرانی قوم کو، بلکہ پوری امتِ اسلامیہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، کیونکہ یہ کامیابی صرف ایران کی نہیں بلکہ پوری دنیاۓ اسلام کے حق میں ایک بڑی فتح ہے۔"
اسرائیل، امریکہ اور مغربی حامیوں کی شکست
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ اسرائیلی دشمن اور اس کے مجرمانہ ساتھیوں، خاص طور پر امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس کو جو شکست ہوئی ہے، وہ امت مسلمہ کی مجموعی فتح کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ:"دشمنانِ اسلام نے امت کو دہائیوں سے مصنوعی بحرانوں میں الجھا رکھا ہے اور مسلمان بدقسمتی سے ان چالوں میں الجھ کر اپنا قیمتی وقت ضائع کر رہے ہیں، جبکہ قرآن نے ہمیں وقت کی قدر و قیمت کی شدید تاکید کی ہے۔"
اسلامی شناخت، ہجری تاریخ اور قرآن سے غفلت
انصاراللہ کے رہنما نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: "آج کے مسلمان اپنی اسلامی شناخت سے غافل ہو چکے ہیں، یہاں تک کہ وہ ہجری تاریخ کی اہمیت کو بھی نظرانداز کر بیٹھے ہیں، جو دراصل امت کی تاریخی اور دینی پہچان کا مظہر ہے۔"
انہوں نے کہا کہ ہجرتِ نبوی کا سبق یہی ہے کہ اللہ کا ہاتھ سب سے بلند ہے اور جو قوم خدا پر توکل کرے وہ ہر قسم کے چیلنجز اور خطرات پر غالب آ سکتی ہے۔
دشمنوں کی برتری کا سبب: خدا سے غفلت
عبدالملک الحوثی نے آخر میں خبردار کیا کہ: "جب امت مسلمہ اللہ کو فراموش کر دیتی ہے تو دشمنانِ دین ان پر غلبہ حاصل کر لیتے ہیں۔ لہٰذا وقت کا تقاضا ہے کہ امت دوبارہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے تاکہ اپنی عزت، وقار اور آزادی کو واپس حاصل کر سکے۔"









آپ کا تبصرہ