حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفی العالمیہ کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر علی عباسی نے "مدرسہ معارفی درایہ" کے تعلیمی سال کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علوم انسانی اسلامی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا: انسانی علوم تہذیب ساز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: مغربی مادی تہذیب جو گزشتہ چند صدیوں سے دنیا پر مسلط ہے، انہی علوم کی بنیاد پر استوار ہوئی ہے لیکن اپنی مادہ پرستی کی بنیادوں کے باعث اس نے بشریت کے لیے بے شمار تباہیاں پیدا کی ہیں۔
جامعۃ المصطفی العالمیہ کے سرپرست نے مغربی مادی تہذیب کے منفی اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: آج دنیا کے دو سو سے زائد ممالک میں سے تقریباً ۱۳۰ ممالک نے مغربی استعمار کا ذائقہ چکھا ہے، جو دنیا کی نصف آبادی پر مشتمل ہیں۔ صرف برطانوی حکومت نے ہی قدیم ہندوستان (جو آج کی دو ارب آبادی پر مشتمل ہے) کو طویل عرصے تک اپنے فریب کارانہ تسلط میں رکھا۔
انہوں نے براعظم افریقہ کو استعمار کا سب سے بڑا شکار قرار دیتے ہوئے کہا: تقریباً تمام افریقی ممالک کسی نہ کسی شکل میں اور کسی نہ کسی مدت تک مغربی استعمار کا نشانہ بنے۔ دنیا کا یہ قدرتی وسائل سے مالا مال ترین خطہ برسوں تک یورپی طاقتوں کے تسلط میں رہا۔
حجت الاسلام والمسلمین عباسی نے مزید کہا: اگرچہ ہمارا ملک براہ راست نوآبادیاتی تسلط کا شکار نہیں ہوا لیکن مغربی حکومتیں ہمیشہ اس کوشش میں رہیں کہ اپنے تابع حکمرانوں کو یہاں مسلط کریں۔ آج بھی کچھ خطوں میں یہی صورت حال جاری ہے۔ تاہم مغربی تہذیب کا سب سے خطرناک پہلو اس کا ثقافتی اثر ہے جس نے دنیا کو فکری و روحانی طور پر اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
انہوں نے حوزہ علمیہ قم کو ایک عظیم الہی اور تہذیبی مشن کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا: ہماری تمام علمی و تعلیمی مراکز کو اسی بلند مقصد کی راہ میں متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے۔ ان شاء اللہ خدا کی نصرت و عنایت ہمارے ساتھ ہوگی۔ جب ہم یہ یقین کر لیں کہ خدا ہمارے ساتھ ہے تو پھر باطل کی کھوکھلی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہم حق کے ساتھ ہیں اور باطل فنا ہونے والا ہے، اس کے وقتی غلبے سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔









آپ کا تبصرہ