جمعہ 24 اکتوبر 2025 - 13:41
غزہ کو غیر پھٹے بموں سے مکمل پاک کرنے میں 30 سال لگ سکتے ہیں!

حوزہ/ ایک امدادی تنظیم کا کہنا ہے کہ غزہ کی سطح سے غیر پھٹے ہوئے گولے صاف کرنے میں 30 سال لگ سکتے ہیں

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایک امدادی تنظیم کا کہنا ہے کہ غزہ کی سطح سے غیر پھٹے ہوئے گولے صاف کرنے میں 30 سال لگ سکتے ہیں۔

ایک امدادی تنظیم "ہیومینٹیرین اینڈ انکلوجن" نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ پٹی کی سطح سے غیر پھٹے ہوئے گولے اور بارود صاف کرنے میں 20 سے 30 سال تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے غزہ کو "ایک خوفناک اور غیر معینہ دھماکہ خیز مواد سے بھرا ہوا علاقہ" قرار دیا ہے۔

اس تنظیم کے دھماکہ خیز مواد کے ماہر نک اول نے "المانٹر" ویب سائٹ کو بتایا کہ "اگر مکمل صفائی کی بات کریں تو یہ کبھی بھی ممکن نہیں ہوگی، کیونکہ بہت سا مواد زمین کے نیچے دبا ہوا ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے خطرہ بنے گا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "سطح پر موجود مواد کو صاف کرنا تقریباً ایک نسل کے دوران ممکن ہے، میرے خیال میں اس میں 20 سے 30 سال لگیں گے"، اور اس عمل کو "ایک انتہائی بڑے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بہت سست رفتار عمل" قرار دیا۔

نک اول نے یہ بھی تصدیق کی کہ ان کی سات رکنی ٹیم اگلے ہفتے سے ہسپتالوں اور بیکریوں جیسی اہم عمارتوں میں موجود جنگ کے تباہ شدہ مقامات کی نشاندہی کا کام شروع کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تک اسرائیل نے بارود صاف کرنے یا ضروری سامان درآمد کرنے کی مکمل اجازت امدادی تنظیموں کو نہیں دی ہے۔

انہوں نے غزہ میں ایک عارضی سلامتی دستے کے قیام کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "غزہ کے کسی بھی مستقبل کے لیے ایک ایسی سلامتی فورس درکار ہے جو امدادی کارکنوں کو محفوظ طریقے سے اپنا کام کرنے دے۔"

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق، غزہ پر اسرائیلی جنگ کے دوران 53 سے زیادہ افراد غیر پھٹے ہوئے گولے بارود کے پھٹنے سے ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ امدادی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اصل اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہیں۔

حکومتی میڈیا آفس نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ غزہ میں 65 سے 70 ملین ٹن ملبہ اور تقریباً 20,000 غیر پھٹے ہوئے اسرائیلی گولے اور میزائل موجود ہیں، جسے انہوں نے "جدید تاریخ میں تعمیراتی اور انسانی بدترین تباہی" قرار دیا تھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha