حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور نیشنل پیغام امن کمیٹی کے ممبر علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے بیان میں کہا: کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: دہشت گردی ملک و قوم کے لیے ناسور بن چکی ہے جس نے بے شمار معصوم جانیں نگل لی ہیں۔ اس افسوسناک واقعے میں ہماری پاک افواج کے جوانوں اور دیگر شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں۔
علامہ عارف واحدی نے مزید کہا: ہم وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے جائیں، دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے اس میں ملوث عناصر کو قرار واقعی اور سخت ترین سزا دی جائے اور دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہ برتی جائے بلکہ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
انہوں نے کہا: پوری قوم سے اپیل ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ متحد ہو کر کھڑی ہو تاکہ پاکستان کو اس ناسور سے پاک کر کے امن اوراستحکام کا گہوارہ بنایا جا سکے۔









آپ کا تبصرہ