حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ گلگت آغا سید راحت حسین الحسینی کی اقتداء میں مرکزی امامیہ عیدگاہ جوٹیال میں نمازِ عیدالاضحیٰ نہایت عقیدت و خشوع کے ساتھ ادا کی گئی؛ جس میں فرزندانِ توحید نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر آغا سید راحت حسین الحسینی نے اپنے جامع و بصیرت افروز بیان میں سنتِ ابراہیمیؑ کی روح کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قربانی محض جانور ذبح کرنے کا نام نہیں، بلکہ اپنی خواہشات، انا، تعصبات اور خودغرضی کو اللہ کی رضا پر قربان کرنے کا عملی اعلان ہے۔
انہوں نے حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی اطاعت، صبر اور تسلیم و رضا کو مثال بنا کر کہا کہ ایک زندہ قوم وہی ہوتی ہے جو الٰہی احکامات کے سامنے سرِ تسلیم خم کرے اور مشکل ترین حالات میں بھی حق کا دامن نہ چھوڑے۔

امام جمعہ گلگت نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ایثار، عدل، باہمی احترام اور اجتماعی ذمہ داری کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں۔
آغا سید راحت حسین الحسینی نے قوم کو پیغام دیا کہ آج کے دور میں سنتِ ابراہیمیؑ کا تقاضا یہ ہے کہ ہم فرقہ واریت، نفرت اور ذاتی مفادات کو قربان کر کے اتحاد، اخوت اور خدمتِ خلق کو فروغ دیں۔ جب قربانی کا جذبہ اجتماعی سوچ میں ڈھلتا ہے تو قومیں مضبوط بنتی ہیں اور معاشرے امن و انصاف کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قربانی کی حقیقی روح سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اپنے کردار سے ایک مثالی، پرامن اور باوقار قوم بننے کی توفیق عطا فرمائے۔









آپ کا تبصرہ