حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں مرکز مدیریت حوزههای علمیہ نے عالم اسلام، بین الاقوامی اداروں، غیر سرکاری تنظیموں اور دنیا کے باضمیر انسانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کے ظالمانہ محاصرے کو ختم کرانے اور مظلوم فلسطینی عوام تک فوری انسانی امداد پہنچانے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کریں۔
مرکز مدیریت حوزہ ہائے علمیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے مظلوم عوام کئی ماہ اور برسوں سے غیر انسانی محاصرے میں زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں بنیادی انسانی حقوق اور ضروریاتِ زندگی سے محروم رکھا گیا ہے۔ ایسے حالات میں دنیا کے آزاد انسانوں کی جانب سے امدادی قافلوں اور بحری جہازوں کے ذریعے فلسطینی عوام کی مدد کی کوشش انسانی بیداری اور عالمی یکجہتی کی روشن مثال ہے۔
بیان میں کہا گیا: “حوزہ ہائے علمیہ، قرآن کریم کی تعلیمات اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کی روشنی میں اس انسانی اور شجاعانہ اقدام کو مظلوموں کی حمایت اور انسانی کرامت کے دفاع کی ایک اہم کوشش قرار دیتے ہیں اور ان تمام اداروں، کارکنوں اور اقوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے امدادی بحری قافلوں کی تنظیم اور حمایت میں کردار ادا کیا۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ کا ہمہ گیر محاصرہ، جو صہیونی غاصب کی جانب سے بعض عالمی طاقتوں کی حمایت سے جاری ہے، انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرم ہے، جبکہ مظلوم فلسطینی عوام تک انسانی امداد پہنچنے سے روکنا تمام انسانی، اخلاقی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی اقدام ہے۔
مرکزی مدیریت حوزہ ہائے علمیہ نے کہا: “ہم ان حکومتوں اور اقوام کی قدردانی کرتے ہیں جنہوں نے سیاسی، انسانی، قانونی اور میڈیا کے میدانوں میں فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لیے کردار ادا کیا، اور تمام اسلامی ممالک، بین الاقوامی اداروں، غیر سرکاری تنظیموں اور دنیا کے بیدار ضمیروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس ظالمانہ محاصرے کے خاتمے اور غزہ کے عوام تک فوری انسانی امداد پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔”
بیان میں عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ صہیونی حکومت کے مسلسل جرائم اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے خلاف اپنی ذمہ داری ادا کریں اور اس انسانی المیے کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
مرکز مدیریت حوزہ ہائے علمیہ نے اپنے بیان کے اختتام پر فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ مسئلہ فلسطین آج بھی عالم اسلام کا اولین مسئلہ ہے اور قدس شریف کی آزادی پوری امت مسلمہ اور دنیا کے تمام آزاد انسانوں کا مشترکہ ہدف رہے گی۔









آپ کا تبصرہ