بدھ 27 مئی 2026 - 21:15
انجمن شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام وادیٔ کشمیر میں عیدالاضحیٰ کے عظیم اجتماعات، ایران کی استقامت کو امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا گیا

حوزہ/ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام وادیٔ کشمیر کے طول و عرض میں نماز عیدالاضحیٰ کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔ سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ہوا، جہاں نماز عید کی امامت انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام وادیٔ کشمیر کے طول و عرض میں نماز عیدالاضحیٰ کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔ سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ہوا، جہاں نماز عید کی امامت انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی۔

ان اجتماعات میں فرزندانِ توحید نے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر شکر و سپاس ادا کیا۔

اس موقع پر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے تمام فرزندانِ توحید کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عید کے فلسفۂ قربانی، ایثار اور اطاعت الٰہی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

مولانا موصوف نے شہید رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (رح)، شہدائے انقلاب اسلامی ایران اور ملت ایران کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران نے دشمنانِ اسلام کے مقابل جس استقامت، پامردی اور مزاحمتی کردار کا مظاہرہ کیا ہے، وہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا: "حقیقی معنوں میں آج ملت ایران ہی عید منا رہی ہے، جو تمام تر دباؤ، پابندیوں اور دشمنانِ اسلام کی سازشوں کے باوجود استقامت کے ساتھ اپنے اسلامی تشخص، دینی اقدار اور محورِ مقاومت کے دفاع پر قائم ہے۔ شہدائے اسلام خصوصاً شہدائے ایران کی قربانیاں امتِ مسلمہ کے لیے سرمایۂ افتخار ہیں۔"

آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں فلسطین اور خصوصاً غزہ کے مظلوم عوام کی آزادی، سلامتی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی حمایت میں متحد ہو۔ انہوں نے غزہ میں جاری مظالم اور انسانی المیے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

دیگر اہم مقامات جہاں نماز عیدالاضحیٰ کے اجتماعات منعقد ہوئے، ان میں قدیمی امام بارگاہ حسن آباد سرینگر، خانقاہ میر شمس الدین اراکیؒ جڈی بل سرینگر، جامع مسجد آبی گزر سرینگر، امام باڑہ گامدو سوناواری بانڈی پورہ، امام باڑہ ڈب گاندر بل، جامع مسجد وکھرون پلوامہ، امام باڑہ صوفی پورہ پہلگام اننت ناگ، امام باڑہ یاگی پورہ ماگام، آستان شریف میر شمس الدین اراکیؒ چاڈورہ، جامع مسجد سونہ پاہ، جامع مسجد اسکندر پورہ بیروہ، امام باڑہ چھتر گام، امام باڑہ سوٹھ کٹر باغ چاڈورہ، جامع مسجد نوگام سمبل بانڈی پورہ، امام باڑہ بونہ محلہ اندرکوٹ سمبل بانڈی پورہ، جامع مسجد موسوی پارک اندرکوٹ، امام باڑہ ذال پورہ سوناواری، امام باڑہ ایچھ ہامہ بیروہ، امام باڑہ چاکر پورہ بٹ پورہ کھاگ، مسجد شریف اتنہ بیروہ، امام بارگاہ پنچھ گنڈ بیروہ، امام باڑہ کمل کوٹ اوڑی بارہمولہ، جامع مسجد شریف گریند کلان، مسجد امام سجادؑ ہردو وامنہ، امام باڑہ وانہامہ اور دیگر مقامات شامل ہیں

اجتماعات میں عالمِ اسلام کے اتحاد، مظلوم اقوام کی نصرت، امنِ عالم، استحکامِ امتِ مسلمہ اور جموں و کشمیر میں بھائی چارے، اخوت اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha