پیر 1 جون 2026 - 12:25
ممبئی میں امام خمینیؒ کی یاد میں عظیم الشان اجتماع، سینکڑوں افراد کی شرکت

حوزہ/ بانی انقلاب اسلامی ایران کی برسی کے موقع پر ممبئی کے ڈونگری علاقے میں واقع میں "یادِ امامِ راحلؒ" کے عنوان سے ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جس میں علماء، دانشوروں، نوجوانوں، خواتین اور مختلف سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بانی انقلاب اسلامی ایران کی برسی کے موقع پر ممبئی کے ڈونگری علاقے میں واقع میں "یادِ امامِ راحلؒ" کے عنوان سے ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جس میں علماء، دانشوروں، نوجوانوں، خواتین اور مختلف سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد امام خمینیؒ کی حیاتِ مبارکہ، ان کے افکار، عدل و انصاف پر مبنی پیغام، ظلم و استکبار کے خلاف مزاحمت اور انسانی وحدت کے نظریے کو اجاگر کرنا تھا۔ مقررین نے کہا کہ امام خمینیؒ کی تعلیمات آج بھی دنیا بھر کے مظلوموں، حق کے متلاشیوں اور انصاف پسند افراد کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

اس موقع پر حیدرآباد سے تشریف لائے معروف عالم دین مولانا آغا مجاہد حسین، دہلی کے ممتاز خطیب مولانا محمد قاضی عسکری اور ممبئی کے معروف عالم مولانا حسنین رضوی کراروی نے خطاب کرتے ہوئے امام خمینیؒ کی شخصیت، ان کی جدوجہد اور عالم اسلام پر ان کے گہرے اثرات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ امام خمینیؒ نے ظلم و استکبار کے خلاف مزاحمت کو ایک عالمی تحریک میں تبدیل کیا اور آج بھی ان کا پیغام دنیا بھر کے مظلوموں اور حق کے متلاشیوں کے لیے امید اور حوصلے کا سرچشمہ ہے۔

تقریب میں حجۃالاسلام مولانا ڈاکٹر معراج مہدی (الٰہ آباد) نے اپنے فکر انگیز منظوم کلام کے ذریعے حاضرین کو متاثر کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا حیدر عباس رضوی (لکھنؤ) نے نہایت خوبصورتی اور سلیقے کے ساتھ انجام دیے۔

پروگرام کی ایک نمایاں خصوصیت بچوں اور نوجوانوں کی جانب سے فارسی زبان میں ’’سلام فرماندہ‘‘ کی پیشکش تھی، جسے شرکاء نے بے حد پسند کیا۔ اس کے علاوہ امام خمینیؒ کی زندگی اور خدمات پر تصویری نمائش اور بچوں کے لیے مصوری کے مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد نئی نسل کو امام راحلؒ کے افکار سے روشناس کرانا تھا۔

خواتین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ثقافتی پروگراموں میں حصہ لینے والے بچوں کو تحائف اور انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر نیاز کا اہتمام کیا گیا اور شرکاء نے باہمی اخوت، وحدت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ پروگرام اثنا عشری یوتھس فاؤنڈیشن (IAYF)، شیعہ علماء اسمبلی، مجتمع علماء و خطباء، محفلِ ثانیِ زہرا، کے ایس آئی فیوچر فورس اور متعدد دیگر مذہبی، تعلیمی اور سماجی اداروں کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ منتظمین نے تمام علماء، مقررین، رضاکاروں، میڈیا نمائندوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ امام خمینیؒ کے افکار و تعلیمات کے فروغ کے لیے آئندہ بھی ایسے علمی، ثقافتی اور تربیتی پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha