حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جشنِ عیدِ غدیر اور جشنِ اکمالِ دین کے موقع پر تنظیم المکاتب کے سیکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کو یہ بتائیں کہ ہم عیدِ غدیر کیوں مناتے ہیں اور اس کی دینی و تاریخی اہمیت کیا ہے۔
انہوں نے بچوں کی بہترین تربیت اور انہیں اعلیٰ اخلاقی و دینی اقدار سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ بات انہوں نے ٹی ایم پروڈکشن اسٹوڈیو کے افتتاح اور قیام کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مولانا سید صفی حیدر نے ٹی ایم پروڈکشن کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ زمانہ سوشل میڈیا کا دور ہے، جس کے ذریعے معاشرے میں اچھائیاں بھی فروغ پا رہی ہیں اور برائیاں بھی پھیل رہی ہیں۔ اسی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارۂ تنظیم المکاتب نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ایم پروڈکشن کے ذریعے معاشرتی برائیوں کی روک تھام، مثبت افکار کی ترویج اور سماج کی صحیح رہنمائی کا فریضہ انجام دیا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا کاظم مہدی عروج نے کہا کہ ٹی ایم پروڈکشن معاشرے میں پھیلی ہوئی گندگی، خرافات اور سماجی برائیوں کے خاتمے اور عوام کو صحیح سمت فراہم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔
اسی طرح مولانا سراج حسین (ڈائریکٹر، فجر میڈیا) اور مولانا ابنِ عباس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ایم پروڈکشن کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
تقریب میں معروف شعراء کرام جناب آصف جلال بجنوری، جناب مجیب صدیقی ،مولانا غلام مھدی ، جناب وہب نصیرآبادی اور جناب ظفر نصیرآبادی نے رسولِ خدا (ص) اور مولائے کائنات حضرت علیؑ کی شان میں بہترین کلام پیش کر کے سامعین سے بھرپور داد حاصل کی۔
پروگرام کی نظامت مولانا سید صفدر نے انجام دی جبکہ صدارت تنظیم المکاتب کے سکریٹری مولانا سید صفی حیدر نے فرمائی۔
اس موقع پر شہر کے ممتاز علماء کرام مولانا تسلیم مہدی، مولانا اعجاز اطہر، مولانا یعسوب عباس، مولانا تفسیر، مولانا صغیر سمیت دانشوروں، معزز شہریوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔
آخر میں اعلان کیا گیا کہ آئندہ 9 اور 10 جون کو محرم الحرام کی عزاداری کے سلسلے میں خصوصی ٹیبل ٹاک پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں عزاداری سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔









آپ کا تبصرہ