حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینی میموریل ٹرسٹ (IKMT) کرگل کے شعبہ بسیجِ امام کے زیرِ اہتمام 7 محرم الحرام کو حضرت علی اکبرؑ کی شہادت کی یاد میں "یومِ جوان" نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر سیکڑوں نوجوانوں اور عزاداروں نے شرکت کرکے نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ کے جوان فرزند حضرت علی اکبرؑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کا آغاز جامع مسجد کرگل سے ہوا، جہاں عزاداروں کا ایک بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ بعد ازاں ایک پُرسوز جلوسِ عزا نکالا گیا جو شہر کے مرکزی بازار سے ہوتا ہوا حسینی پارک کرگل پہنچا۔ جلوس میں شریک عزاداروں نے نوحہ خوانی اور ماتم داری کے ذریعے کربلا کے شہداء کو یاد کیا۔

بسیجِ امام خمینی کے ذیلی ادارے بسیجِ سرود گروپ نے حضرت علی اکبرؑ کی شجاعت، وفاداری اور راہِ حق میں عظیم قربانی کو بیان کرتے ہوئے پُراثر نوحے پیش کیے۔ نوحوں میں اس حقیقت کو بھی بیان کیا گیا کہ حضرت علی اکبرؑ شکل، سیرت اور گفتار میں رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سب سے زیادہ مشابہت رکھتے تھے۔
جلوسِ عزا کے دوران شرکاء نے دنیا بھر کے مظلوم عوام خصوصاً فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ عزاداروں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت میں نعرے بلند کیے اور غزہ و فلسطین میں جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ نوجوانوں نے عہد کیا کہ وہ ظلم کے خلاف مزاحمت کرنے والوں اور عدل و انصاف کی اقدار کے دفاع کرنے والوں کی اخلاقی و معنوی حمایت جاری رکھیں گے، کیونکہ یہی پیغامِ کربلا ہے۔

تقریب کا اختتام حسینی پارک میں مجلسِ عزا، نوحہ خوانی اور خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر امام زمانہؑ کے ظہورِ پُرنور، امتِ مسلمہ کے اتحاد و سلامتی اور فلسطین کی آزادی کے لیے دعائیں کی گئیں۔









آپ کا تبصرہ