حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملاقات میں علامہ طاہر محمود اشرفی، مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، صوبائی وزیر داخلہ سلمان رفیق، ہوم سیکریٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے گفتگو کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا: شدید گرمی کے باوجود عزاداروں اور زائرین کے لیے مختلف مقامات پر سبیلوں کا قیام، مجالس و جلوس کے راستوں کی صفائی، ٹھنڈے پانی کے سپرے اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: بعض علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے شدید گرمی کے باوجود عزاداروں کے لیے سبیلیں لگانے میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، جن کا تدارک کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو سہولت میسر آ سکے۔

انہوں نے مزید کہا: چار دیواری کے اندر منعقد ہونے والی ایسی مجالسِ عزا، جن میں کوئی اشتعال انگیز گفتگو نہ ہو اور لاؤڈ اسپیکر کی آواز بھی مقررہ حدود میں ہو، ہر شہری کا آئینی اور قانونی حق ہیں۔ اس کے باوجود بعض مقامات پر ایسی مجالس کے منتظمین کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جو باعثِ تشویش ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے اربعین حسینیؑ کے قریب آنے والے ایام کے حوالے سے بھی توجہ دلاتے ہوئے کہا: مختلف علاقوں میں محبتِ اہل بیتؑ کے عقیدت مند پیدل سفر کرکے مجالس اور عزائی پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں۔ یہ سرگرمیاں ہمیشہ پُرامن رہی ہیں، تاہم بعض مقامات پر انتظامیہ کی جانب سے غیر ضروری سختی اور شرکاء کے خلاف مقدمات کا اندراج مناسب نہیں، جس پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفد کی تجاویز اور تحفظات کو غور سے سنا اور متعلقہ حکام کو ان مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔









آپ کا تبصرہ