حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمدرضا نعمانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کی دینی، علمی اور جہادی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں عالمِ دین حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمدرضا نعمانی کے انتقال کی خبر نہایت افسوس کے ساتھ موصول ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم، شہید آیت اللہ سید محمدباقر صدرؒ کے قریبی رفیق اور ہم سفر تھے، جبکہ وہ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے شرعی وکیل بھی تھے۔
آیت اللہ اعرافی نے مرحوم کو ایک باعمل، مخلص اور انتھک مجاہد عالم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیخ محمدرضا نعمانی نے اپنی پوری زندگی اسلام، مکتب اہل بیتؑ، مسلمانوں کی خدمت اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شریعت کے دفاع کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ نے مرحوم کے انتقال کو علمی و دینی حلقوں کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے حوزات علمیہ، مرحوم کے اہل خانہ اور تمام عقیدت مندوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
آیت اللہ اعرافی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی وسیع رحمت سے نوازے، ان کے درجات بلند فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔









آپ کا تبصرہ