منگل 4 اگست 2026 - 05:32
عزاداری فکرِ حسینی کی ترویج کا ذریعہ ہے / اتحاد و وحدت کے ذریعہ دشمنانِ اسلام کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں

حوزہ/ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اربعین حسینی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عزاداری فکر حسینی کی ترویج کا ذریعہ ہے۔ امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی نے گزشتہ چودہ صدیوں سے عالم اسلام ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کو متاثر کیا ہے اور مختلف اقوام و مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد امام حسین علیہ السلام کی سیرت و کردار سے رہنمائی حاصل کرتے آ رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے نواسہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کے چہلم، اربعین حسینی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: عزاداری فکر حسینی کی ترویج کا ذریعہ ہے۔ نہ صرف عالم اسلام بلکہ عالم انسانیت بلا تفریق ملک و خطہ، مذہب و مسلک امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا و جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کو یاد کرتا ہے اور گزشتہ چودہ صدیوں سے آپ علیہ السلام کی ذات سے وابستہ رہنے کو اپنے لیے شرف اور رہنمائی کا باعث قرار دے رہا ہے بلکہ آپ علیہ السلام کی سیرت و کردار سے مسلسل استفادہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا: عصر حاضر میں صہیونیت اور سامراج کے خلاف برسرپیکار حق و صداقت کی حامی قوتیں امام حریت، سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی فکر انگیز تحریک سے آگاہی اور آشنائی حاصل کرکے اتحاد و وحدت، مظلومین کی حمایت اور یزیدی قوتوں سے نفرت کا عملی ثبوت فراہم کر رہی ہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: وحی الٰہی کی تعلیمات کے مطابق مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور یہ امت ایک امت ہے۔ لہٰذا تمام مسالک کے جذبات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اخوت، بھائی چارے، باہمی احترام، برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تاریخ انسانی کے کربلا جیسے معرکہ حق و باطل میں سرفراز و سربلند حضرت سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے اتحاد و وحدت کے ذریعے دشمنان اسلام کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے۔

انہوں نے مزید کہا: امت مسلمہ کو چاہیے کہ اتحاد و وحدت کے ذریعے سامراجی قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر اپنے زندہ، بیدار اور متحد ہونے کا ثبوت دے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha