جمعہ 21 اگست 2026 - 17:50
آیت اللہ محمد حسین نجفی کی علمی و ملی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی

حوزہ / علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: قرآن مجید کی تفسیر سمیت مختلف علوم میں مرحوم کی علمی و ادبی خدمات کے تمام لوگ معترف ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 21 اگست، مفسر قرآن اور سلطان المدارس سرگودھا کے سرپرست اعلیٰ مرحوم آیت اللہ علامہ محمد حسین نجفی کی تیسری برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: اسلامی علوم کی ترویج اور ملی جدوجہد میں فعال اور نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیت کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا: مرحوم آیت اللہ محمد حسین نجفی ملی پلیٹ فارم سے وابستہ رہے اور علامہ مفتی جعفر حسین کی وفات کے بعد شیعیان پاکستان کی قیادت کے انتخاب کے لیے مرکزی کونسل کی تکمیل میں دیگر شخصیات کے ساتھ مل کر مؤثر کردار ادا کیا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: سرزمین پاکستان میں قرآن مجید کی تفسیر سمیت مختلف علوم میں آیت اللہ محمد حسین نجفی مرحوم کی علمی و تحقیقی کاوشوں کا علمی و ادبی حلقے اعتراف کرتے ہیں۔ اسی طرح انہوں نے میدان خطابت میں بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ مرحوم کی مذہبی و ملی خدمات کی ایک طویل فہرست ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے آیت اللہ محمد حسین نجفی مرحوم کے بلندیٔ درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کے پسماندگان، شاگردوں، ارادتمندوں اور عقیدت مندوں سے اظہارِ تعزیت کیا اور ان کے لیے توفیقاتِ خیر کی بھی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha