ہفتہ 22 اگست 2026 - 23:03
امامت حق کی سربلندی اور عالمی عدل کی نوید ہے، آیت اللہ دری نجف آبادی

حوزہ/ آیت اللہ دری نجف آبادی نے کہا ہے کہ امامت بشریت کے لیے ایک مقدس نوید ہے جو ظلم پر حق کی فتح کی نوید دیتی ہے، جبکہ معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور ثقافتِ انتظار کے فروغ کے ذریعے ظہورِ امام زمانہؑ کے لیے آمادگی ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ مرکزی میں ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ قربانعلی دری نجف آبادی نے اراک میں اپنے درس خارج فقہ کے دوران حضرت ولی عصر امام زمانہؑ کی امامت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے امامت کے بلند مقام اور عدل کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے قرآن کریم کی آیات اور اہل بیتؑ کی متعدد روایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امامت اللہ تعالیٰ کی مقدس ترین اور امید بخش نعمتوں میں سے ہے، جو حق طلبی کی فتح اور ظلم و جنایت کے نظاموں کے خاتمے کی امید دلاتی ہے۔ خداوند متعال نے اپنے لطف و عنایت سے یہ عظیم فکر انسانیت کو عطا کی تاکہ عدل و نجات کی راہ ہموار ہو۔

آیت اللہ دری نجف آبادی نے امام رضاؑ کی زیارت کی فضیلت بیان کرتے ہوئے ’’وسائل الشیعہ‘‘ میں موجود روایات کا حوالہ دیا اور کہا کہ اسلامی نظام کی برکت سے آج زیارت کے حالات ماضی کی نسبت کہیں زیادہ سازگار ہیں۔ حالیہ دنوں میں لاکھوں زائرین مشہد مقدس میں حاضر ہوئے اور شہداء کی تشییع بھی غیر معمولی شان و عظمت کے ساتھ انجام پائی۔

صوبہ مرکزی میں ولی فقیہ کے نمائندے نے ائمہ معصومینؑ کی قبور کی زیارت کے استحباب سے متعلق روایات بیان کرتے ہوئے اہل بیتؑ سے محبت و عقیدت کے تسلسل اور ثقافتِ انتظار کے فروغ پر زور دیا۔

انہوں نے قرآن و روایات کی روشنی میں ائمہ اہل بیتؑ کی تعداد بارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسماعیلیہ اور زیدیہ جیسے فرقے جو سلسلۂ امامت کے بعض ائمہ پر رک گئے ہیں، انہیں حضرت ولی عصرؑ تک سلسلۂ امامت کی تکمیل کو تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوں نے حدیثِ نبویؐ میں بیان ہونے والے بارہ خلفاء کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امام رضاؑ پر سلسلۂ امامت ختم نہیں ہوتا بلکہ امام جوادؑ، امام ہادیؑ، امام حسن عسکریؑ اور حضرت امام زمانہؑ تک مکمل ہوتا ہے۔

آیت اللہ دری نجف آبادی نے آخر میں زمانۂ غیبت میں صبر اور ظہور امام زمانہؑ کے انتظار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روایات کے مطابق ’’انتظارِ فرج‘‘ امتِ اسلامی کے بہترین اعمال میں سے ہے۔ ہمیں ثقافتِ انتظار کو فروغ دے کر منجی عالم بشریت حضرت ولی عصرؑ کے ظہور کے لیے خود کو تیار کرنا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha