ہفتہ 29 اگست 2026 - 12:15
آیت اللہ عیسیٰ قاسم: امریکہ کے خلاف عالم اسلام کا اتحاد ناگزیر ہے

حوزہ/ بحرین کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم نے امریکہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ان پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جن کے ذریعے دنیا کو مکمل اطاعت اور امریکی بالادستی کے سامنے تسلیم کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں اور آزاد اقوام سے ظلم و استکبار کے مقابلے میں متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ اور اس کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی مذہبی، اخلاقی یا انسانی اصول کی پروا کیے بغیر دنیا سے مکمل اور مستقل اطاعت چاہتے ہیں، خواہ اس مقصد کے لیے ظلم، قتل، لوٹ مار، دھوکے، جھوٹ اور معاہدوں کی خلاف ورزی جیسے ذرائع ہی کیوں نہ اختیار کرنے پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کمزور اور طاقتور ممالک، مختلف اداروں اور حتیٰ کہ اپنے بڑے حریفوں کو بھی اپنی مکمل اطاعت پر مجبور کرنا چاہتا ہے تاکہ دنیا اس کی خدمت میں مستقل طور پر سر تسلیم خم کر دے۔

آیت اللہ عیسیٰ قاسم نے امریکہ مخالف ممالک پر پابندیاں عائد کرنے اور ان کا محاصرہ کرنے میں تعاون کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک صورت حال ہے کہ بعض ممالک خود اس طاقت سے اپنے مخالفین کے خلاف کارروائی کی درخواست کرتے ہیں جو ان کی آزادی اور خودمختاری کو ختم کرنے کے درپے ہے۔

انہوں نے دنیا کی حکومتوں، قوموں، سیاسی جماعتوں اور اداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دین، قومی وقار، آزادی، انصاف اور انسانی اقدار کو نظر انداز بھی کریں، تب بھی انہیں اپنے وجود، حکومت اور مستقبل کی فکر کرنی چاہیے، کیونکہ امریکی پالیسیوں کے عزائم بالآخر ان سب کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔

بحرین کی اسلامی تحریک کے رہنما نے اہل ایمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ، اس کے رسول اور دین پر حقیقی ایمان انسان کو عزت، کرامت، اخلاق، حق پسندی، عدل اور شجاعت عطا کرتا ہے۔ ایسے ایمان کے حامل افراد کو حق و انصاف کے دفاع اور فرعونیت و استکبار کے مقابلے میں خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ آج دنیا کو نجات دلانے کا واحد راستہ اتحاد ہے اور یہ اتحاد اسلام کے محور پر قائم ہونا چاہیے۔ انہوں نے مسلمانوں کو خبردار کیا کہ خطرہ قریب ہے، اس لیے مزید انتظار یا تاخیر کی گنجائش نہیں۔

آیت اللہ عیسیٰ قاسم نے تمام اہل ایمان اور دنیا کے آزاد انسانوں کو فوری طور پر متحد اور متحرک ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کا مقصد زمین پر قبضہ کرنا یا ایک ظلم کی جگہ دوسرا ظلم قائم کرنا نہیں، بلکہ اسلام اسی وقت جنگ کو جائز قرار دیتا ہے جب عدل کا قیام، حق کا حصول اور زمین سے ظلم و فساد کا خاتمہ ضروری ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha