حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہفتۂ وحدت اور رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی 1500ویں سالگرہ کے موقع پر قم میں «علوم و معارفِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحقیقی موضوعات» پر مشتمل 12 جلدی مجموعے کی رونمائی کی گئی۔ اس مجموعے میں 28 علمی شعبوں کے تحت 60 ہزار منفرد تحقیقی موضوعات اور سوالات شامل ہیں۔
چالیسویں بین الاقوامی وحدتِ اسلامی کانفرنس کے علمی اجلاس کے موقع پر اس علمی مجموعے کی رونمائی ہوئی۔ تقریب میں حوزات علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ اعرافی اور عالمی اسمبلی برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین حمید شہریاری سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
60 ہزار تحقیقی موضوعات، ایک بھی تکراری نہیں
یہ عظیم علمی کام حوزات علمیہ کے محققین کی ایک دہائی پر محیط علمی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت، سیرت، حیاتِ طیبہ اور معارف کے مختلف پہلوؤں کو 28 علمی شعبوں کے تحت 60 ہزار تحقیقی موضوعات کی صورت میں پیش کیا گیا ہے، جن میں ایک بھی موضوع تکراری نہیں ہے۔
اس مجموعے میں اسلامی علوم کے ساتھ انسانی علوم کے مختلف شعبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مزید 5 ہزار تخصصی اور عملی نوعیت کے تحقیقی موضوعات بھی تیار کیے گئے ہیں، جنہیں تکمیل اور تنظیم کے بعد مستقبل میں محققین کے لیے پیش کیا جائے گا۔
معارفِ محمدیؐ کو عملی نظریات میں تبدیل کرنے کی کوشش
مجموعے میں آج کے دور کے چیلنجز اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں موجود جدید سوالات کی بنیاد پر 60 ہزار تحقیقی سوالات اور مسائل کی نشاندہی، درجہ بندی اور تدوین کی گئی ہے۔ اس کے ذریعے سیرت و معارفِ نبویؐ کے مطالعے میں موجود علمی خلا کی نشاندہی کرتے ہوئے یہ جائزہ لیا گیا ہے کہ احادیث اور معارفِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کس طرح عملی اور قابلِ نفاذ نظریات میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
انسانیت کے لیے حوزہ علمیہ قم کا علمی تحفہ
یہ 12 جلدی مجموعہ عالمِ اسلام میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد علمی کام قرار دیا جا رہا ہے، جسے حوزہ علمیہ قم اور مکتبِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کے پیروکاروں کی جانب سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی برکت سے انسانیت، دینی محققین اور سیرتِ نبویؐ کے محققین کے لیے ایک علمی تحفے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ ابھی پہلا مرحلہ ہے۔ آئندہ مراحل میں تحقیقی مسائل کی ترجیح بندی، ان کی وضاحت اور ان پر کام کے بعد انہیں مقالات، کتب، علمی نشستوں، آزاد فکری مباحث اور نظریہ پردازی کی صورت میں علمی نتائج میں تبدیل کیا جائے گا۔
سیرتِ نبویؐ کے مطالعے کے لیے نیا علمی و تمدنی زاویہ
حوزہ علمیہ قم، بین الاقوامی شعبہ، شعبہ تحقیق اور حوزہ و نظام کی مطلوبہ تحقیقات کے ادارے کے لیے قائم دفتر کے تعاون سے تیار کیا گیا یہ علمی مجموعہ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطالعے پر مطالعے کے لئے نئے علمی و تمدنی زاویے کی بنیاد بن سکتا ہے اور عالمِ اسلام میں علمی تقریب و ہم آہنگی کے فروغ میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔









آپ کا تبصرہ