پیر 7 ستمبر 2026 - 17:01
قرآن کی نظر میں انسان کی نمایاں صفت ایثار ہے: حجۃ الاسلام حاج ابوالقاسم

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد حاج ابوالقاسم دولابی نے حرم حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا میں کہا کہ عبادت، خدا سے مسلسل تعلق اور ایثار قرآن کی نظر میں انسان کی اہم ترین خصوصیات ہیں۔ اہل بیت علیہم السلام نے اپنے طرز زندگی کے ذریعے انسانیت کو عزت اور وقار عطا کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین محمد حاج ابوالقاسم دولابی نے حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقدہ ’’کرسی تلاوت فاطمی‘‘ نامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سورۂ انسان کی آیات کی روشنی میں قرآن کی نظر میں بہترین انسان کی خصوصیات بیان کیں۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم انسان کو بلند مقام اور صلاحیتوں کا حامل قرار دیتا ہے، لیکن اگر وہ الٰہی راستے سے دور ہوجائے تو پستی کی جانب بھی جاسکتا ہے۔ اس کے برعکس اللہ کے نیک بندے عبادت اور نیک اعمال کے ذریعے حقیقی روزہ انسانیت کا نمونہ بنتے ہیں۔

عبادت؛ قرآن کی نظر میں انسان کی پہلی خصوصیت

حجۃ الاسلام حاج ابوالقاسم نے عبادت اور اللہ تعالیٰ سے مسلسل تعلق کو قرآنی انسان کی بنیادی خصوصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سورۂ انسان کے آخری حصے میں صبح و شام اللہ کو یاد کرنے اور رات میں عبادت کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی بھی اللہ کی بندگی اور شکرگزاری کی روشن مثال ہے۔

ایثار؛ سورۂ انسان کا اہم سبق

انہوں نے ایثار کو قرآن کی نظر میں انسان کی نمایاں صفت قرار دیتے ہوئے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور حسنین کریمین علیہما السلام کے مسکین، یتیم اور اسیر کو کھانا کھلانے کے واقعے کی طرف اشارہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام بلند سماجی مقام رکھنے اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے براہِ راست نسبت کے باوجود سادہ اور کریمانہ زندگی گزارتے تھے اور ضرورت مند آسانی سے ان تک پہنچ سکتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص کو اپنی استطاعت کے مطابق دوسروں کی مشکلات دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اہل بیت علیہم السلام کی طرح خدمت بھی صرف اللہ کی رضا کے لیے ہونی چاہیے، نہ کہ تعریف اور شکریے کی توقع میں۔

آخر میں انہوں نے زور دیا کہ قرآن کی نظر میں انسان کو عبادت کے ساتھ ایثار، خدمت اور ضرورت مندوں کی مدد کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha