بدھ 9 ستمبر 2026 - 16:45
حوزوی طالب علم علمی جدوجہد کے ساتھ اخلاص، تقویٰ اور عمل کو بھی اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائے: سید احمد الاشکوری

حوزہ / حوزہ علمیہ نجف اشرف کے استادِ درسِ خارج حجت الاسلام و المسلمین سید احمد الاشکوری نے جامعۃ الکوثر اسلام آباد کا دورہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام و المسلمین سید احمد الاشکوری نے اپنے دورے کا آغاز محسنِ ملت حضرت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفیؒ کے مرقد پر حاضری سے کیا۔ بعد ازاں انہوں نے جامعۃ الکوثر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور بالخصوص جامعہ کی لائبریری اور محسنِ ملتؒ کے علمی و تحقیقی آثار پر مشتمل خصوصی حصہ کا معائنہ کیا۔ جہاں محسنِ ملتؒ کی گراں قدر تصانیف، ان کے اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ خطی و قلمی نسخے، نادر تحریری آثار اور تاریخی تصاویر کو ایک مختصر میوزیم کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ سید احمد الاشکوری نے اس علمی و تحقیقی ورثے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور محسنِ ملتؒ کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

بعد ازاں انہوں نے جامعۃ الکوثر کے طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں موصوف نے طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت کے حوالے سے نہایت قیمتی اور فکر انگیز نکات بیان کیے۔

علامہ سید احمد الاشکوری کا جامعۃ الکوثر اسلام آباد کا دورہ / یادگاری شیلڈ پیش کی گئی

انہوں نے طالب علم کی علمی زندگی کے مقصد، اخلاص، مسلسل محنت، اساتذہ سے بھرپور استفادے اور درست علمی راستے کے انتخاب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: حوزوی طالب علم کو اپنی علمی جدوجہد کے ساتھ ساتھ اخلاص، تقویٰ اور عمل کو بھی اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہیے۔

سید احمد الاشکوری کی گفتگو نے طلبہ کو علمی سفر کے اہداف، اساتذہ سے استفادے اور دینی علوم کے حصول میں سنجیدگی و استقامت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔

علامہ سید احمد الاشکوری کا جامعۃ الکوثر اسلام آباد کا دورہ / یادگاری شیلڈ پیش کی گئی

نشست کے اختتام پر جامعۃ الکوثر کی جانب سے معزز مہمان کی خدمت میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ جامعہ کی انتظامیہ نے سید احمد الاشکوری کی تشریف آوری کو باعثِ سعادت قرار دیتے ہوئے ان کے قیمتی وقت، علمی گفتگو اور طلبہ کی رہنمائی پر تہہ دل سے تشکر کا اظہار کیا۔

علامہ سید احمد الاشکوری کا جامعۃ الکوثر اسلام آباد کا دورہ / یادگاری شیلڈ پیش کی گئی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha