ہفتہ 12 ستمبر 2026 - 02:48
ایران کی دفاعی اور جنگی صلاحیت نے دشمن کے تمام حساب و کتاب کو غلط ثابت کر دیا

حوزہ / آیت اللہ علم الہدیٰ نے کہا: ایرانی قوم کی دشمن کی جارحیت کے خلاف مزاحمت کسی خاص مدت تک محدود نہیں ہے۔ ایران کے مجاہدین نے جارحانہ دفاع اور اپنی برتری کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کی دفاعی صلاحیت دشمن کے سامنے واضح کر دی ہے اور اس کے حساب و کتاب کو تبدیل کر دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر مشہد مقدس کے امام جمعہ آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے ۲۰ شہریور / 11 ستمبر 2026ء کو حرم مطہر رضوی (ع) کے رواق امام خمینی (رہ) میں نماز جمعہ کے خطبوں کے دوران دشمن کے مقابلے میں ملک کی موجودہ صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: دشمن کے مقابلے میں ملک کی موجودہ صورتحال ایک انتہائی حساس اور اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

انہوں نے اس نقطۂ نظر کے ردعمل میں کہ عوام سے پوچھا جانا چاہیے کہ آیا وہ مزید ۲۰ سال تک کسی سپر پاور کے ساتھ جنگ کرنے کے لیے تیار ہیں، کہا: عوام ایک دن کے لیے بھی جنگ کے خواہاں نہیں ہیں، چہ جائیکہ ۲۰ سال تک جنگ کریں کیونکہ ہم نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی کسی سے دشمنی رکھتے ہیں بلکہ دشمن نے ہم پر جارحیت اور حملہ کیا ہے۔

امام جمعہ مشہد نے کہا: یہ بات درست نہیں کہ دشمن ہمارے ساتھ جنگ کرے اور ہم اپنا سب کچھ اس کے حوالے کرکے میدان سے دستبردار ہو جائیں۔ اس ملک میں کوئی بھی یہ قبول نہیں کرے گا کہ جب دشمن حملہ کرے تو ہم اپنی تمام صلاحیتیں اس کے حوالے کرکے میدان چھوڑ دیں۔

آیت اللہ علم الہدیٰ نے مزید کہا: آج امریکہ کی صورتحال ایسی ہے کہ خود اس ملک کے اندر اور دنیا کے مختلف ممالک میں جنگ کے نتائج اور آبنائے ہرمز کی بندش کے حوالے سے احتجاجات میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ ان اقدامات نے عالمی معیشت کو متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا: امریکہ آئندہ انتخابات، اندرونی دباؤ، تیل کی قیمتوں میں روز بروز اضافے اور اپنے عوام پر بڑھتے ہوئے اقتصادی دباؤ کے پیش نظر فوجی کشیدگی کو داخلی انتشار اور فتنوں میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ بظاہر فوجی کشیدگی کی صورتحال باقی نہ رہے۔

نمائندہ ولی فقیہ خراسان رضوی نے کہا: امریکہ کا منصوبہ یہ ہے کہ فوجی کشیدگی میں کمی کے عمل کے دوران خود کو فاتح اور ہمیں شکست خوردہ ظاہر کرے اور یہ تاثر پیدا کرے کہ ایرانی قوم جنگ سے تھک چکی ہے، مزید جدوجہد جاری رکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، اپنے جنگی وسائل کھو چکی ہے اور بالآخر شکست کھا چکی ہے۔

انہوں نے کہا: یاد رکھیں کہ حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی خاص عنایات ہمارے شاملِ حال ہیں، ہمیں اس حقیقت کو سمجھنا اور ان سے توسل کرنا چاہیے۔ ہمیں یہ بھی توجہ رکھنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی لامحدود قدرت اور حضرت امام زمانہ کی عنایات کے ذریعہ ہی تمام مشکلات حل ہوں گی اور ہم دشمن پر بھی فتح حاصل کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha