حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الفجر انسٹیٹیوٹ کے الائیڈ ہیلتھ سائنسز فیڈرل بورڈ سے رجسٹرڈ ہونے کے بعد کلاسز کے آغاز کی مناسبت سے ایک پروقار وائٹ کوٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 40 طلبہ و طالبات کو وائٹ کوٹ پہنائے گئے۔
تقریب کی صدارت رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان اور سربراہ الفجر انسٹیٹیوٹ علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کی جبکہ شعبۂ طب کی معروف شخصیت اور سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کالاباغ ڈاکٹر محمد مسعود قریشی نے طلبہ و طالبات سے حلف لیا۔
تقریب میں بریگیڈیئر (ر) عرفان صادق گل سمیت دیگر معزز شخصیات، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا: ایک عرصے سے خواہش تھی کہ علاقے کے نوجوانوں خصوصاً غریب خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم اور ہنر کے مواقع ان کی دہلیز پر فراہم کیے جائیں۔ آج اپنے علاقے کے بچوں کو وائٹ کوٹ میں دیکھ کر دلی خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا: یہ صرف آغاز ہے، ان شاء اللہ مستقبل میں میڈیکل کے شعبے میں مزید کورسز اور ڈگری پروگرامز یہاں متعارف کرائے جائیں گے تاکہ ہمارے علاقے کے نوجوان تعلیم اور ہنر حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔











آپ کا تبصرہ