حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کی جانب سے حالیہ دنوں امریکی عوام کے نام ایک تفصیلی خط جاری کیا گیا، جس میں سیاسی اور فوجی امور کے ساتھ ساتھ اسلام اور مسیحیت کے درمیان آخری الزمان سے متعلق بعض مشترکہ اعتقادات کی جانب بھی توجہ دلائی گئی ہے۔
سپاہ پاسداران کے اس خط میں اس بات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ ظہور کے دور میں حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام، حضرت امام مہدی علیہ السلام کے ساتھ ہوں گے اور حقیقی اہلِ ایمان عدل و انصاف کے قیام اور ظلم و ستم کے مقابلے میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
خط کے ایک اہم پہلو میں امریکی عوام اور اس ملک کے سیاسی حکمرانوں کے درمیان تفریق کی گئی ہے۔ امریکی عوام کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے انہیں اپنے تاریخی انتخاب اور ظلم و تسلط کے مختلف مظاہر کے مقابلے میں اپنے موقف کے تعین کی دعوت دی گئی ہے۔
یہ پہلو اس لیے بھی قابلِ توجہ ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران امریکہ میں مسیحیت کی بعض صہیونی تحریکوں اور حلقوں نے آخری الزمان کے حوالے سے ایک ایسا تصور پیش کرنے کی کوشش کی ہے جس میں حضرت امام مہدی علیہ السلام کو حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کے مدِمقابل دکھایا جاتا ہے۔
اس کے برخلاف، اسلام اور مسیحیت کے مشترکہ آخرالزمانی تصورات کی درست وضاحت اس بات کو اجاگر کرسکتی ہے کہ منجیِ موعود کا عقیدہ مختلف ادیان کے حقیقی پیروکاروں کے درمیان ظلم، ناانصافی اور استبداد کے خلاف اتحاد کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
اس تناظر میں مهدویت کے میدان میں سرگرم اہلِ علم اور دینی کارکنوں کی ایک اہم ذمہ داری یہ ہے کہ اسلام اور مسیحیت کے مشترکہ اعتقادات کو درست انداز میں بیان کریں اور مختلف ادیان کے پیروکاروں کے درمیان منجیِ موعود سے متعلق غلط اور تحریف شدہ تصورات کی تشہیر کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔










آپ کا تبصرہ