حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ان مقابلوں میں مسلم یونیورسٹی، اس سے متعلق اسکولوں اور علی گڑھ کے تقریباً 16 اسکولوں کے مجموعی طور پر 528 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

نائب شیخ الجامعہ پروفیسر محمد محسن خان نے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھنا چاہیے اور اپنی زندگی میں کم از کم ایک سنت کو لازمی طور پر اپنانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محبتِ نبویؐ کا تقاضا ہے کہ جب بھی آپؐ کا نام لیا جائے تو آپؐ پر درود کا نذرانہ پیش کیا جائے، کیونکہ احادیث میں اس کی بڑی فضیلت بیان ہوئی ہے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ ہر طالب علم کو سیرتِ رسولؐ سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے سیرت کی کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہیے، تاکہ نبی پاکؐ کی تعلیمات سے آگاہی حاصل ہو اور ان سے مناسبت پیدا ہو۔

انہوں نے شیخ الجامعہ کی جانب سے بھی سیرت کمیٹی کو پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔
ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر (ڈی ایس ڈبلیو) پروفیسر محمد اطہر انصاری نے سیرت تقریبات سے متعلق اپنی پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے پروگرام کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔
صدر شعبۂ سنی دینیات پروفیسر محمد راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ دورِ حاضر میں سب سے بڑا فقدان امن و امان اور احترامِ انسانیت کا ہے، جس کی بنیادی وجہ انسانوں کی مذہب بیزاری ہے، حالاں کہ سیرتِ نبویؐ میں امن و امان اور احترامِ انسانیت کے حوالے سے خصوصی تعلیمات موجود ہیں۔
سابق ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر توقیر عالم فلاحی نے قرآنِ کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اتباعِ سنتِ رسول اللہؐ، اللہ رب العزت کی محبت حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دینی علم وہی ہے جو خدمتِ خلق اور رضائے الٰہی کی نیت سے حاصل کیا جائے۔
کنوینرِ پروگرام اور ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر محمد حبیب اللہ قاسمی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تمام مہمانانِ کرام کا تعارف کروایا۔
انہوں نے مسابقوں میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت ہی مسابقاتی پروگراموں کو بامعنی بناتی ہے۔ انہوں نے اسے خوش قسمتی قرار دیا کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی سے منسوب ان تقریبات کا حصہ بن رہے ہیں۔
شعبۂ سنی دینیات کے استاد ڈاکٹر محمد ناصر نے ہفت روزہ سیرت تقریبات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان مسابقوں میں مسلم یونیورسٹی، اس سے متعلق اسکولوں اور علی گڑھ کے تقریباً 16 اسکولوں کے 528 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جن میں سے تقریباً 80 طلبہ و طالبات مختلف زمروں میں انعامات کے مستحق قرار پائے۔
کامیاب طلباء کو مہمانانِ کرام کے ہاتھوں انعامات سے نوازا گیا۔

پروگرام کی نظامت کے فرائض شعبۂ سنی دینیات کے استاد ڈاکٹر ندیم اشرف نے انجام دیے۔ تقریب کا آغاز سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول کے طالب علم انس صباء الحق کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ سٹی اسکول کی طالبہ زویا انیس اور سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول کے طالب علم اسد ریاض خان نے بارگاہِ نبوتؐ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
آخر میں کنوینرِ پروگرام پروفیسر محمد حبیب اللہ قاسمی کے کلماتِ تشکر کے ساتھ نشست اختتام پذیر ہوئی۔










آپ کا تبصرہ