حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملبورن، آسٹریلیا میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے صدرِ شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا اور امامِ جمعہ ملبورن، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے عمر میں برکت کے اسباب، قناعت، عبادت، خدمتِ خلق، صلۂ رحم اور حسنِ سلوک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ عمر کا بڑا ہونا اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے، لیکن اس عمر کا علم، عبادت، تقویٰ اور خدمتِ دین میں صرف ہونا اس سے بھی بڑی نعمت ہے۔ انسان کی حقیقی کامیابی اس بات میں نہیں کہ اس نے کتنے سال زندگی گزاری، بلکہ اس میں ہے کہ اس کے گزر جانے کے بعد کتنے دلوں میں اس کا علم، کردار اور خدمات زندہ رہتی ہیں۔
مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات کے مطابق زندگی میں برکت صرف جسمانی صحت اور غذا سے وابستہ نہیں، بلکہ انسان کے اخلاق، کردار، عبادت اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کا بھی اس میں بنیادی کردار ہے۔

عمر میں برکت کے اہم اسباب
مولانا رضوی نے عمر میں برکت کے چند اہم اسباب بیان کرتے ہوئے کہا:
1۔ قناعت اور اطمینانِ قلب
انہوں نے قرآن مجید کی آیت «أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ» (سورۂ رعد: 28) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے ذکر سے دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ جو انسان اللہ کی عطا پر راضی رہتا ہے، وہ غیر ضروری خواہشات اور دوسروں سے مقابلے کی پریشانیوں سے آزاد رہتا ہے۔
2۔ اطاعت اور عبادت
انہوں نے کہا کہ نماز، تقویٰ اور اللہ و رسولؐ کی اطاعت انسان کی زندگی کو نظم، مقصد اور روحانی استحکام عطا کرتی ہے۔ عبادت انسان کے تعلق کو اپنے پروردگار سے مضبوط بناتی ہے اور زندگی کو بامقصد بناتی ہے۔
3۔ خدمتِ خلق
مولانا رضوی نے کہا کہ انسان کو اپنی زندگی دوسروں کی بھلائی اور خدمت کے لیے وقف کرنی چاہیے۔ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی زندگی بھی اس بات کی مثال ہے کہ انسان اپنا وقت علم، تدریس اور خدمتِ دین میں صرف کرکے معاشرے پر گہرے اثرات چھوڑ سکتا ہے۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ زندگی کی اہمیت صرف اس کی طوالت میں نہیں بلکہ اس کی افادیت میں ہے؛ انسان کو یہ دیکھنا چاہیے کہ اس کی زندگی دوسروں کے کتنے کام آ رہی ہے۔
4۔ حسنِ سلوک اور صلۂ رحم
انہوں نے رسول اکرم (ص) کی حدیث مبارکہ بیان کرتے ہوئے کہا: «مَنْ سَرَّهُ أَنْ يُبْسَطَ لَهُ فِي رِزْقِهِ وَيُنْسَأَ لَهُ فِي أَثَرِهِ فَلْيَصِلْ رَحِمَهُ» ترجمہ: جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں وسعت ہو اور اس کی عمر میں اضافہ ہو، اسے چاہیے کہ صلۂ رحم کرے۔ (الکافی، جلد 2، کتاب العشرة، باب صلة الرحم)
اسی طرح امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت نقل کرتے ہوئے کہا: «صِلَةُ الْأَرْحَامِ تُحَسِّنُ الْخُلُقَ وَتُسَمِّحُ الْكَفَّ وَتُطَيِّبُ النَّفْسَ وَتَزِيدُ فِي الرِّزْقِ وَتُنْسِئُ فِي الْأَجَلِ» ترجمہ: صلۂ رحم اخلاق کو بہتر بناتا ہے، سخاوت پیدا کرتا ہے، نفس کو پاکیزہ کرتا ہے، رزق میں اضافہ کرتا ہے اور عمر کو طول دیتا ہے۔ (الکافی، جلد 2، کتاب العشرة، باب صلة الرحم)
انہوں نے کہا کہ رشتہ داروں کے ساتھ اچھے تعلقات، محبت اور حسنِ سلوک نہ صرف معاشرتی زندگی کو بہتر بناتے ہیں بلکہ دینی تعلیمات میں انہیں رزق اور عمر میں برکت کا ذریعہ بھی قرار دیا گیا ہے۔
زندگی کو بامقصد بنانے کا پیغام
خطاب کے ایک حصے میں مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی زندگی سے حاصل ہونے والے عملی اسباق کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ انسان کو اپنے جسم کی حفاظت کے لیے سادگی اور اعتدال، ذہن کی حفاظت کے لیے علم و مطالعہ، دل کی حفاظت کے لیے قناعت و اطمینان اور روح کی حفاظت کے لیے عبادت و ذکرِ خدا کو اپنانا چاہیے۔
اسی طرح خاندان کی مضبوطی کے لیے صلۂ رحم اور حسنِ سلوک، معاشرے کی بہتری کے لیے خدمتِ خلق اور محبت، جبکہ زندگی کو بامقصد بنانے کے لیے تقویٰ اور شکر گزاری ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قناعت انسان کو خواہشات کی غلامی سے آزاد کرتی ہے، عبادت خدا سے تعلق مضبوط بناتی ہے، صلۂ رحم رشتوں میں محبت پیدا کرتا ہے، خدمتِ خلق زندگی کو دوسروں کے لیے مفید بناتی ہے اور علم انسان کے ذہن کو آخری عمر تک زندہ رکھتا ہے۔
مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ انسان کو صرف طویل عمر کی خواہش نہیں کرنی چاہیے، بلکہ اپنی زندگی کو علم، عبادت، تقویٰ، اخلاق اور خدمتِ خلق کے ذریعے بابرکت اور بامقصد بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔










آپ کا تبصرہ