اتوار 22 نومبر 2026 - 20:50
اشعار/فضل کی اک کہکشاں ہیں حضرت ام البنین

حوزہ/مادر وفا حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی المناک وفات کے موقع پر، آنحضرت کی شان میں شاعر اہل بیت جناب مولانا محمد ابراہیم نوری قمی کا لکھا ہوا کلام پیش خدمت ہے۔

شاعر: مولانا محمد ابراہیم نوری قمی

حوزہ نیوز ایجنسی|

برتر از وہم و گماں ہیں حضرت ام البنین

فضل کی اک کہکشاں ہیں حضرت ام البنین

آپ کے لطف و کرم سے آپ کی مدحت میں ہم

دم بہ دم رطب اللساں ہیں حضرتِ ام البنین

غیر ممکن ہے ادا ہو منقبت گوئی کا حق

ہم زمین ہیں، آسماں ہیں حضرت ام البنین

کیا تعجب جو انہیں کہتے ہیں ہم ام الوفا

با وفا غازی کی ماں ہیں حضرت ام البنین

فاطمہ زہرا کی چوکھٹ چومتی ہیں روز و شب

اس لئے انجم نشاں ہیں حضرت ام البنین

زوجۂ حیدر،کنیزِ فاطمہ،غازی کی ماں

داستاں در داستاں ہیں حضرت ام البنین

گرچہ معصومہ نہیں پر یہ شرف بھی کم ہے کیا

عصمتوں کے درمیاں ہیں حضرت ام البنین

چار بیٹے شاہ دیں پر کر دیے دل سے فدا

دین پر صد مہرباں ہیں حضرت ام البنین

شبر و شبیر و زینب کے لیے بعدِ بتول

اللہ اللہ آپ ماں ہیں حضرتِ امِ البنین

بعد زہرا مرتضیٰ کے قلب مضطر کے لئے

باعثِ تسکینِ جاں ہیں حضرت ام البنین

دی صدا ماں کہہ کے سردارانِ جنت نے انہیں

اُم شّبانِ جناں ہیں حضرت ام البنین

اپنا سب کچھ کر دیا آلِ پیمبر پر نثار

اک پیامِ جاوداں ہیں حضرت ام البنین

کردیے بیٹے فدا حق پر سو قرباں آپ پر

میرے بیٹے بیٹیاں ہیں حضرت ام البنین

دیکھتے ہی کہہ اٹھا نوری حرم عباس کا

اک چراغ ضو فشاں ہیں حضرت ام البنین

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

از قلم مولانا محمد ابراہیم نوری قمی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha