حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ عبداللہ جوادی آملی نے اسلامی نظام کے تحفظ اور اس کی کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے حق پرستی، عدل و انصاف، خودداری، غیرتِ دینی اور دشمنوں کے مقابلے میں استقامت کو بنیادی اصول قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلامی حکومت کی سوچ اور عمل دونوں حق کے مطابق ہونے چاہئیں اور اس مقصد کے لیے مسلسل نگرانی اور ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے۔
آیت اللہ جوادی آملی نے پیر کی شام 23 نومبر کو تہران کی مسجد امیرالمؤمنین علیہ السلام میں آیت اللہ موسوی اردبیلی کی دسویں برسی کی تقریب کے نام اپنے پیغام میں ان خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں اسلامی انقلاب کے ابتدائی دور میں عدالتی نظام کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے شہید آیت اللہ بہشتی اور آیت اللہ موسوی اردبیلی کی علمی، انتظامی اور اخلاقی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان شخصیات نے عدالتی نظام کو اسلامی تعلیمات، احکام الٰہی اور عدل و انصاف کی بنیاد پر چلانے کی کوشش کی۔ آیت اللہ موسوی اردبیلی علمی قابلیت کے ساتھ بہترین انتظامی صلاحیتوں اور لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے کے اچھے اخلاق کے مالک تھے۔
آیت اللہ جوادی آملی نے قرآن و احادیث کی روشنی میں عدل کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی حقیقی ترقی صرف مادی وسائل سے نہیں بلکہ انصاف کے قیام سے ممکن ہے۔ انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام کاظم علیہ السلام کی روایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زمین کی آبادکاری میں عادل حکمرانوں اور منصفانہ فیصلوں کا کردار چالیس دن کی بارش سے بھی زیادہ مؤثر ہے۔ اسی طرح عادل حکمران کا ایک گھنٹے کا کام ستر سال کی انفرادی عبادت سے افضل قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی اسلامی نظام کو اسی راستے پر قائم رہنا چاہیے اور اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ حکومت کے تمام فیصلے حق اور انصاف کے مطابق ہوں۔
خودداری اور دینی غیرت کی اہمیت
آیت اللہ جوادی آملی نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے تین بنیادی خصوصیات کو اسلامی معاشرے کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دیا: حریت، دینی غیرت اور ظلم و دباؤ کے سامنے نہ جھکنا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ حریت کا مطلب دنیاوی عہدوں اور وقتی مفادات کا اسیر نہ ہونا ہے۔ دینی غیرت یہ ہے کہ انسان نہ دوسروں کے حقوق اور حدود کی خلاف ورزی کرے اور نہ کسی کو اپنے جائز حقوق اور حدود پامال کرنے کی اجازت دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی ملک پر بیرونی جارحیت کی صورت میں خاموش رہنا اور تسلیم ہو جانا درست نہیں۔ قوم کو اپنی سرزمین، خودمختاری اور عزت کے دفاع کے لیے متحد اور ثابت قدم رہنا چاہیے۔ انہوں نے فوج اور سپاہ کے ساتھ ان شہریوں کی بھی تعریف کی جو ملک کے دفاع اور قومی استحکام کے لیے میدان میں موجود رہتے ہیں۔
مرد و خواتین دونوں کی یکساں اہمیت
آیت اللہ جوادی آملی نے اپنے پیغام کے ایک حصے میں خواتین کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں انسانی شرافت، علم، تقویٰ اور فضیلت کا معیار مرد یا عورت ہونا نہیں بلکہ انسان کا کردار اور اس کی روحانی و اخلاقی بلندی ہے۔ جسمانی ساخت میں فرق کے باوجود انسانی روح اور اس کی حقیقی قدر و منزلت میں کوئی فرق نہیں۔
انہوں نے قرآن مجید کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت مریم سلام اللہ علیہا اور فرعون کی اہلیہ کو تمام اہل ایمان کے لیے نمونہ قرار دیا گیا ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ایک باکردار، صاحبِ علم اور باکمال خاتون پورے معاشرے کے لیے مثال بن سکتی ہے۔
آخر میں آیت اللہ جوادی آملی نے اسلامی نظام کی سلامتی، استحکام اور سربلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے شہید آیت اللہ بہشتی، آیت اللہ موسوی اردبیلی اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کے عوام، بالخصوص دفاع اور قومی استحکام کے لیے سرگرم افراد کی خدمات کو سراہا۔










آپ کا تبصرہ