حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ خبرگانِ رہبری قم کے نائب صدر اور جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے قومی نشریاتی ادارے کے سربراہ "پیمان جبلی" سے ملاقات میں دشمن کی سافٹ وار کا مقابلہ کرنے میں ذرائع ابلاغ کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: قومی نشریاتی ادارے کو معاشرے کے عقائد اور فکری تشخص کو مضبوط بنانے کے ساتھ امید پیدا کرنے کا مرکز بننا چاہیے اور قومی اتحاد و یکجہتی کے تحفظ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے ہفتۂ بسیج کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے بارہ روزہ جنگ، جنگِ رمضان اور موجودہ حالات میں قومی نشریاتی ادارے کی مسلسل سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا: قومی نشریاتی ادارے کو عوامی اتحاد و یکجہتی کے تحفظ کے لیے بھرپور کوشش کرنی چاہیے کیونکہ یہ ملک کا ایک عظیم سماجی سرمایہ ہے۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا: عوامی بیداری میں ذرائع ابلاغ ہمیشہ سرگرمِ عمل رہے ہیں بالخصوص موجودہ حالات میں ان کی انتھک کوششیں مزید نمایاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی نشریاتی ادارہ نظام اسلامی کے سماجی سرمائے یعنی عوامی اعتماد کے تحفظ میں کامیاب ہو گا۔
انہوں نے بارہ روزہ جنگ، جنگِ رمضان اور اقتصادی محاصرے کے دوران دشمنوں کی جانب سے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے قرآن کریم کی اس آیت کی تلاوت کی: «يُرِيدُونَ لِيُطْفِئُوا نُورَ اللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَاللَّهُ مُتِمُّ نُورِهِ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ» یعنی "وہ چاہتے ہیں کہ اپنی پھونکوں سے اللہ کے نور کو بجھا دیں حالانکہ اللہ اپنے نور کو مکمل کرکے رہے گا، خواہ کافروں کو یہ کتنا ہی ناگوار کیوں نہ ہو"۔

امام جمعہ قم نے مزید کہا: سافٹ وار میں ہمارے نوجوانوں اور باصلاحیت افراد کے ذہنوں اور افکار کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس لیے قومی نشریاتی ادارے پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ہمارے مجاہدین نے آٹھ سالہ دفاعِ مقدس میں بہادری سے جنگ لڑی اور شہادتیں پیش کیں اور ان کی قربانیوں کے نتیجے میں بے شمار نئی صلاحیتیں اور قوتیں بھی سامنے آئیں۔ اس کے برعکس سافٹ وار میں اگر فکری اور نظریاتی سطح پر کوئی نقصان ہوتا ہے تو اس کے نتیجے میں نئی صلاحیتیں پیدا نہیں ہوتیں۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ نے مزید کہا: قومی نشریاتی ادارے کی ذمہ داریاں صرف اطلاعات کی فراہمی اور تفریح تک محدود نہیں ہیں۔ آج دشمن سافٹ وار کے ذریعے نوجوان نسل کے فکری تشخص، نظریات اور عقائد کو نشانہ بنا رہا ہے۔ سخت جنگ میں عموماً سرحدیں، گھر اور اس نوعیت کے مقامات نشانہ بنتے ہیں، لیکن سافٹ وار میں دشمن گھروں کی اندرونی فضا تک رسائی حاصل کر لیتا ہے۔











آپ کا تبصرہ