جمعرات 26 نومبر 2026 - 20:04
شادی اور بے جا رسومات پر فضول خرچی

حوزہ/ اسلام ایک ایسا کامل دین ہے جس نے انسانی زندگی کے ہر شعبے میں اعتدال، سادگی، پاکیزگی اور حسنِ معاشرت کی تعلیم دی ہے۔ شادی انسانی زندگی کا ایک اہم، مقدس اور بابرکت مرحلہ ہے۔ اسلام نے نکاح کو نہ صرف ایک جائز تعلق بلکہ عبادت، عفت و پاک دامنی اور نسلِ انسانی کی بقا کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ اسی لیے اسلام نے نکاح کو آسان بنانے اور معاشرے میں اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی تعلیم دی ہے۔

تحریر:مولانا سید عترت حسین رضوی

حوزہ نیوز ایجنسی| اسلام ایک ایسا کامل دین ہے جس نے انسانی زندگی کے ہر شعبے میں اعتدال، سادگی، پاکیزگی اور حسنِ معاشرت کی تعلیم دی ہے۔ شادی انسانی زندگی کا ایک اہم، مقدس اور بابرکت مرحلہ ہے۔ اسلام نے نکاح کو نہ صرف ایک جائز تعلق بلکہ عبادت، عفت و پاک دامنی اور نسلِ انسانی کی بقا کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ اسی لیے اسلام نے نکاح کو آسان بنانے اور معاشرے میں اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی تعلیم دی ہے۔

لیکن افسوس کہ آج ہمارے معاشرے میں شادی جیسا مقدس اور بابرکت عمل غیر ضروری رسومات، بے جا اخراجات، نمود و نمائش اور سماجی مقابلہ بازی کی نذر ہوتا جا رہا ہے۔ شادی، جو دو خاندانوں کے درمیان محبت، اخوت اور باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہونی چاہیے، ہم نے اسے جھوٹی شان و شوکت، دولت کی نمائش اور معاشرتی برتری کے اظہار کا وسیلہ بنا دیا ہے۔

آج صورتِ حال یہ ہے کہ ایک متوسط یا غریب خاندان اپنی بیٹی کی شادی کے لیے برسوں رقم جمع کرتا ہے، قرض لیتا ہے اور اپنی ضروریات قربان کرتا ہے، صرف اس خوف سے کہ کہیں معاشرہ اسے کم حیثیت نہ سمجھنے لگے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اسلام نے شادی کو اتنا مشکل بنایا ہے؟ کیا ہمارے ائمۂ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات ہمیں ایسی فضول خرچی کی اجازت دیتی ہیں؟

جہیز: ایک معاشرتی ناسور

ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی برائیوں میں سے ایک جہیز کا مطالبہ ہے۔ لڑکی والوں سے نقد رقم، سونے کے زیورات، موٹر سائیکل، کار، فرنیچر، فریج، واشنگ مشین، اے سی اور دیگر قیمتی سامان کی توقع رکھنا یا ان چیزوں کا مطالبہ کرنا انتہائی افسوس ناک طرزِ عمل ہے۔

اسلام نے نکاح میں مہر کو عورت کا حق قرار دیا ہے، جس کی ادائیگی مرد کی ذمہ داری ہے۔ لیکن افسوس کہ ہم نے اس اسلامی حق کے مقابلے میں جہیز کو ایک سماجی ضرورت بنا دیا ہے۔ نتیجتاً غریب باپ بیٹی کی پیدائش ہی سے اس کی شادی کے اخراجات کی فکر میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

یاد رکھیے! بیٹی کوئی بوجھ نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے۔ اس کی شادی کو مالی آزمائش بنا دینا اسلامی معاشرت کے منافی ہے۔

شادی کی تقریبات اور بے جا رسومات

آج شادی محض ایک دن کا معاملہ نہیں رہی بلکہ کئی کئی دنوں تک جاری رہنے والی تقریبات کا سلسلہ بن گئی ہے۔ منگنی، مایوں، مہندی، سنگیت، ابٹن، رت جگا، بارات، نکاح، ولیمہ اور چوتھی جیسی تقریبات اس انداز سے منائی جاتی ہیں کہ ہر تقریب کے لیے الگ لباس، الگ سجاوٹ، الگ کھانا اور الگ انتظامات ضروری سمجھے جاتے ہیں۔

ان میں سے بعض چیزیں محض خاندانی خوشی یا علاقائی تہذیب کی علامت ہو سکتی ہیں، لیکن جب یہی چیزیں لازمی رسم، مالی بوجھ اور سماجی مقابلے کا ذریعہ بن جائیں تو ان پر نظرثانی ضروری ہو جاتی ہے۔

خصوصاً درج ذیل رسومات ہمارے معاشرے میں غیر ضروری اخراجات کا سبب بن رہی ہیں:

ابٹن کی رسم: دلہا اور دلہن کو ابٹن لگانے کے نام پر الگ تقریب، مہمانوں کی دعوت اور مختلف اخراجات کا اہتمام کرنا۔

مایوں اور مہندی: مخصوص لباس، اسٹیج، لائٹنگ، سجاوٹ اور مہنگے انتظامات پر رقم خرچ کرنا۔

رت جگا: رات بھر جاگنے، شور شرابے اور غیر ضروری تقریبات کا اہتمام کرنا۔

چماون: اسے لازمی رسم سمجھ کر اس کے لیے الگ انتظامات اور اخراجات کرنا۔

انگوٹھی پہنائی: منگنی یا شادی کے موقع پر مہنگی انگوٹھیوں اور تحائف کے ذریعے مقابلہ آرائی کرنا۔

نولاشی چھولائی: مقامی معاشرتی رواج کے نام پر مالی بوجھ اور غیر ضروری اخراجات کا سبب بننا۔

کڑاہی، پکوان اور گلوکاروں کا اہتمام: شادی کے موقع پر غیر ضروری کھانوں، گلوکاروں اور تفریحی پروگراموں پر بے دریغ رقم خرچ کرنا۔

جوتا چرائی: دلہا کے جوتے چھپانے اور اس کے بدلے رقم وصول کرنے کو ایک لازمی رسم بنا دینا۔

چوتھی کی رسم: شادی کے بعد ایک اور تقریب کا اہتمام کرکے خاندان پر مزید اخراجات کا بوجھ ڈالنا۔

ماؤں، چوٹی اور دیگر مقامی رسومات: ان رسومات کو سماجی دباؤ کے تحت لازمی سمجھنا، خواہ خاندان کی مالی حیثیت ان اخراجات کی اجازت نہ دیتی ہو۔

اسی طرح بارات میں گاڑیوں کا لمبا قافلہ، گھوڑے، آتش بازی، ڈی جے، ڈانس، غیر ضروری شور و غل اور مہنگے تحائف کی نمائش بھی شادی کی اصل روح کو متاثر کرتی ہے۔

کھانے پینے میں اسراف اور ضیاع

شادی کی تقریبات میں کھانے پینے کا معاملہ بھی انتہائی قابلِ غور ہے۔ کئی کئی قسم کے پکوان، درجنوں ڈشیں، مہنگے کیٹررز، فائیو اسٹار ہوٹلوں جیسا انتظام اور ضرورت سے کہیں زیادہ کھانا تیار کیا جاتا ہے۔

افسوس اس وقت ہوتا ہے جب یہی کھانا پلیٹوں میں چھوڑ دیا جاتا ہے یا بڑی مقدار میں ضائع کر دیا جاتا ہے، جب کہ اسی معاشرے میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جنہیں دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔

قرآن مجید واضح طور پر فرماتا ہے:وَلَا تُسْرِفُوا إِنَّهُ لَا يُحِبُّ الْمُسْرِفِينَ

ترجمہ: اور اسراف نہ کرو، بے شک اللہ اسراف کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(سورۂ انعام، آیت 141)

ایک مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ خوشی کے موقع پر بھی اللہ تعالیٰ کے اس حکم کو فراموش نہ کرے۔

کپڑوں، زیورات اور نمائش کا مقابلہ

آج شادی میں دلہا اور دلہن کے لباس بھی مقابلے کا ذریعہ بن گئے ہیں۔ مہندی، بارات، نکاح اور ولیمے کے لیے الگ الگ مہنگے لباس، قیمتی زیورات، میک اپ اور فوٹو شوٹ پر بے تحاشا رقم خرچ کی جاتی ہے۔

یہاں تک کہ بعض خاندان صرف اس لیے مہنگے ہال یا فارم ہاؤس بک کرتے ہیں کہ لوگوں کے سامنے اپنی دولت اور حیثیت کا اظہار کر سکیں۔

سوال یہ ہے کہ کیا شادی کی کامیابی کا معیار مہنگے لباس، سونے کے زیورات اور شاندار اسٹیج ہیں یا ایک پاکیزہ، خوش گوار اور مستحکم ازدواجی زندگی؟

رخصتی اور دیگر غیر ضروری رسومات

رخصتی کے موقع پر بعض مقامات پر ایسی رسمیں ادا کی جاتی ہیں جن کا کوئی شرعی جواز نہیں ہوتا۔ جذباتی مناظر، مخصوص مطالبات، تحائف اور دیگر رسومات کو اس طرح لازم کر دیا جاتا ہے کہ ان کے بغیر شادی کو نامکمل سمجھا جاتا ہے۔

اسی طرح دلہا اور دلہن کی پہلی رات کے نام پر غیر ضروری باتیں، مذاق، تحائف اور نجی زندگی میں مداخلت بھی ایک نامناسب معاشرتی رویہ ہے۔

شادی دو افراد کی نجی اور باوقار زندگی کا آغاز ہے۔ اس موقع پر وقار، حیا اور احترام کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔

رشتہ طے کرنے میں غیر اسلامی معیار

ایک اور قابلِ اصلاح پہلو یہ ہے کہ رشتہ طے کرتے وقت لڑکی یا لڑکے کے کردار، اخلاق، دینداری اور خاندانی تربیت کے بجائے خوبصورتی، قد، رنگ، دولت، جائیداد اور ظاہری شان و شوکت کو بنیادی اہمیت دی جاتی ہے۔

اسلام نے انسان کی فضیلت کا معیار تقویٰ قرار دیا ہے۔ لہٰذا رشتے کے انتخاب میں اخلاق، دینداری، ذمہ داری اور باہمی مناسبت کو ترجیح دینی چاہیے۔

اسراف کے بارے میں قرآن و اہل بیتؑ کی تعلیمات

قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے:

إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ

ترجمہ: بے شک فضول خرچی کرنے والے شیطانوں کے بھائی ہیں۔(سورۂ اسراء، آیت 27)

یہ آیت ہمیں متوجہ کرتی ہے کہ مال و دولت کو بے مقصد اور بے جا طور پر خرچ کرنا اللہ تعالیٰ کی ناپسندیدہ روش ہے۔

امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی سیرت بھی سادگی، قناعت اور اعتدال کا بہترین نمونہ ہے۔ آپؑ نے دنیا کی ظاہری چمک دمک کے بجائے تقویٰ، عدل اور انسانی اقدار کو اہمیت دی۔

ہمیں چاہیے کہ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو صرف مجالس اور تقریروں تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنی عملی زندگی، خصوصاً شادی بیاہ کے معاملات میں بھی ان کی پیروی کریں۔

نکاح کو آسان بنائیے، مشکل نہیں

شادی کے موقع پر خوشی منانا، عزیز و اقارب کو دعوت دینا، اچھا کھانا کھلانا، جائز تحائف دینا اور خاندان کے ساتھ خوشی بانٹنا بذاتِ خود کوئی برائی نہیں۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب یہ چیزیں دکھاوے، تکلف، قرض، دباؤ، غیر شرعی امور اور فضول خرچی کا ذریعہ بن جائیں۔

اسلام سادگی کا حکم دیتا ہے، محرومی کا نہیں؛ خوشی منانے سے منع نہیں کرتا بلکہ خوشی کے موقع پر اعتدال اور حدودِ شرع کی پابندی سکھاتا ہے۔

ہمیں اپنی نئی نسل کو یہ شعور دینا ہوگا کہ نکاح کی عظمت مہنگی تقریبات سے نہیں بلکہ پاکیزہ نیت، اچھے اخلاق، باہمی احترام اور ذمہ داری سے قائم ہوتی ہے۔

اگر ہم واقعی اپنی بیٹیوں اور بیٹوں کے مستقبل کے خیر خواہ ہیں تو ہمیں ان کے لیے شادی کے راستے آسان بنانے ہوں گے۔ جہیز کے مطالبات ختم کرنے ہوں گے، غیر ضروری رسومات سے اجتناب کرنا ہوگا، کھانے کے ضیاع کو روکنا ہوگا اور شادی کو دولت کی نمائش کے بجائے ایک مقدس دینی فریضہ سمجھنا ہوگا۔

ہماری ذمہ داری

علمائے کرام، ائمۂ جمعہ و جماعت، ذاکرین، سماجی کارکنان، والدین اور نوجوانوں، سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معاشرتی برائی کے خاتمے کے لیے عملی قدم اٹھائیں۔

مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، مجالس اور سماجی اجتماعات میں نکاح کی سادگی، جہیز کی مخالفت اور فضول خرچی کے نقصانات پر مسلسل گفتگو ہونی چاہیے۔

والدین کو خود پہل کرنی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی شادی سادگی سے کریں اور دوسروں کے لیے مثال قائم کریں۔ نوجوانوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے والدین پر غیر ضروری اخراجات کا دباؤ نہ ڈالیں۔

ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ نہ جہیز کا مطالبہ کریں گے، نہ فضول رسومات کو لازم سمجھیں گے، نہ کسی غریب خاندان کو ان رسومات کے نام پر شرمندہ کریں گے اور نہ ہی اپنی خوشی کے لیے کسی دوسرے کی زندگی کو قرض اور پریشانی میں مبتلا کریں گے۔

شادی کا مقصد دو دلوں کو جوڑنا ہے، مالی پریشانی میں مبتلا کرنا نہیں

آخر میں ایک بات یاد رکھنے کی ہے کہ شادی کا مقصد دو دلوں کو جوڑنا ہے، دو خاندانوں کو مالی پریشانی میں مبتلا کرنا نہیں۔ نکاح کو آسان بنائیے تاکہ معاشرے میں پاکیزگی، محبت اور خوش حالی کو فروغ ملے۔

ہمیں ایسی شادیوں کا رواج قائم کرنا چاہیے جن میں مہر ہو، نکاح ہو، دعا ہو، اہل بیتؑ کی تعلیمات ہوں، خوشی ہو، محبت ہو اور برکت ہو؛ نہ کہ قرض، دکھاوا، اسراف، بے جا مطالبات اور غیر ضروری رسومات کا بوجھ۔

آئیے! عہد کریں کہ ہم شادی کو رسموں کا نہیں بلکہ سنت، محبت، سادگی اور برکت کا ذریعہ بنائیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha