حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان میں ہفتہ وار درسِ اخلاق سے خطاب کرتے ہوئے نائب امام جمعہ والجماعت حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید باقر الحسینی نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت و تعلیمات کے تناظر میں دینی وابستگی، معرفتِ امام، تقوائے الٰہی، حق گوئی اور امانت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے ایامِ حج کے موقع پر منیٰ میں پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام علیہ السلام اپنے مخلص اصحاب اور چاہنے والوں کے درمیان اس انداز سے تشریف فرما تھے جیسے ایک خوب صورت گلدستے کے درمیان گلاب ہو۔ اسی دوران ایک محبِ اہل بیتؑ وہاں پہنچا اور امام علیہ السلام کی مجلس میں حاضری کو اپنے لیے قلبی سکون اور روحانی مسرت کا باعث قرار دیا۔ اس کے دل میں یہ حسرت تھی کہ کاش اسے ہمیشہ امام علیہ السلام کی خدمت میں بیٹھنے اور ان کے نورانی ارشادات سے فیض یاب ہونے کا موقع ملتا۔ اس نے اپنی دنیاوی مصروفیات اور کاروبارِ زندگی کے باعث مسلسل حاضری نہ دے سکنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امامؑ سے خصوصی نصیحت کی درخواست کی۔
آغا سید باقر الحسینی نے اس واقعے کو عصرِ حاضر کے تناظر میں بیان کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر آج ہمارے درمیان حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف تشریف لے آئیں تو کیا ہم اپنی تمام مصروفیات، کاروبار، منصب، عہدے اور دنیاوی ترجیحات کو پسِ پشت ڈال کر ان کی خدمت میں حاضر ہونے کے لیے آمادہ ہوں گے؟ کیا ہماری زندگی میں امامؑ کی معرفت، اطاعت اور قربت کو واقعی اولین ترجیح حاصل ہے؟ کیا ہم سردی، گرمی، برف باری، بارش اور دیگر مشکلات کی پروا کیے بغیر ان کی خدمت میں بیٹھنے کا جذبہ رکھتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سوال دوسروں سے نہیں بلکہ اپنے آپ سے کرنا چاہیے اور اپنے سینوں پر ہاتھ رکھ کر اپنی دینی وابستگی اور امامؑ سے تعلق کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر مکاتبِ فکر کے لوگ بھی شیعہ مسلمانوں کی اس خوش نصیبی کا اعتراف کرتے ہیں کہ انہیں چودہ معصومین علیہم السلام کی ولادتوں اور شہادتوں سمیت اہل بیتؑ اور ان کے برگزیدہ اصحاب سے منسوب متعدد مناسبتوں کو یاد کرنے اور ان سے تجدیدِ عہد کرنے کے مواقع میسر ہیں۔ عیدِ غدیر، عیدِ مباہلہ، ایامِ ولادت و شہادتِ ائمہ اطہارؑ، حضرت زینبؑ، حضرت عباسؑ، حضرت علی اکبرؑ اور حضرت علی اصغرؑ سمیت متعدد مناسبتیں ہمارے لیے اہل بیتؑ سے تعلق کو مضبوط بنانے کے مواقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اصل سوال یہ ہے کہ ان تمام مواقع سے ہم کتنا فائدہ اٹھاتے ہیں؟ کیا ہماری مجالس، محافل، ولادتوں اور شہادتوں کی تقریبات ہماری فکری، اخلاقی اور عملی زندگی میں بھی تبدیلی پیدا کرتی ہیں؟ محض مناسبتیں منانا کافی نہیں بلکہ ضروری ہے کہ ہم اہل بیتؑ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
آغا سید باقر الحسینی نے اس بات پر زور دیا کہ انسان کو اہل علم اور صاحبِ کردار علماء کی مجالس میں بیٹھنا، ان کے بیانات سننا اور دینی و اخلاقی تعلیمات سے اپنے علم میں اضافہ کرنا چاہیے۔ علم و معرفت کے حصول کے لیے سنجیدگی، شوق اور عملی وابستگی ضروری ہے۔
انہوں نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امامؑ نے اپنے پیروکاروں کو چند بنیادی اخلاقی اصولوں کی تاکید فرمائی ہے، جن میں سب سے پہلے تقوائے الٰہی اور خوفِ خدا ہے۔ تقویٰ وہ بنیادی صفت ہے جس میں دین کے بہت سے احکام اور انسانی کردار کی اصلاح کا راستہ پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا اہم اصول حق گوئی اور صداقت ہے۔ انسان کو ہر حال میں سچ بولنا چاہیے، خواہ سچ بولنے سے اسے ذاتی نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے۔ حق بات کو مصلحتوں، ذاتی مفادات اور وقتی فائدوں کی خاطر چھپانا یا اس کے برعکس بیان کرنا دینی تعلیمات کے منافی ہے۔ حق گوئی صرف اس وقت قابلِ قبول نہیں جب اس سے فائدہ حاصل ہو بلکہ نقصان کی صورت میں بھی حق کا ساتھ دینا اہل بیتؑ کی تعلیمات کا تقاضا ہے۔
انہوں نے تیسرے اصول، ادائے امانت، کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے آپ کے پاس کوئی امانت رکھی ہے، اس کی امانت پوری دیانت داری کے ساتھ واپس کرنا ضروری ہے۔ امانت داری صرف مال و دولت تک محدود نہیں بلکہ ہر وہ ذمہ داری، عہد، منصب اور اعتماد بھی امانت ہے جو کسی شخص یا معاشرے نے ہمارے سپرد کیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہی وہ اخلاقی خصوصیات ہیں جن کے ذریعے اسلام کی حقیقی نورانیت اور اہل بیتؑ کی تعلیمات دوسروں تک پہنچتی ہیں۔ اگر ہمارے کردار میں تقویٰ، ہماری گفتگو میں صداقت اور ہمارے معاملات میں امانت داری ہوگی تو ہمارا عملی کردار خود دین کی تبلیغ بن جائے گا اور لوگ ہمارے اخلاق سے متاثر ہوکر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آلِ محمد علیہم السلام کی تعلیمات کی طرف راغب ہوں گے۔
انہوں نے تاکید کی کہ اہل بیت علیہم السلام سے محبت کا حقیقی تقاضا صرف ان کے ایام منانا اور ان سے عقیدت کا اظہار کرنا نہیں بلکہ ان کے فرامین پر عمل کرنا بھی ہے۔ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں ان اخلاقی اصولوں کو نافذ کرنا ہوگا تاکہ ہماری دینی شناخت محض ایک دعویٰ نہیں بلکہ ہمارے کردار اور عمل سے بھی نمایاں ہو۔ درسِ اخلاق کا بنیادی پیغام یہی تھا کہ امام علیہ السلام سے محبت کا سب سے مؤثر اظہار ان کی تعلیمات پر عمل، تقوائے الٰہی، حق گوئی اور امانت داری کے ذریعے ممکن ہے۔










آپ کا تبصرہ