حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عرب جماعتوں کی عالمی کانفرنس نے بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی جانب سے علماء، مذہبی شخصیات اور آزادی کے لیے آواز اٹھانے والے کارکنوں کے خلاف جاری کیے گئے عدالتی فیصلوں کی شدید مذمت کی ہے۔
کانفرنس کے جنرل سیکریٹریٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بحرینی عوام کے بنیادی مطالبات انصاف کے قیام اور سیاسی عمل میں عوام کی حقیقی شرکت سے وابستہ ہیں۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے بحرینی عوام نے متعدد احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور ہڑتالیں کی ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے منظم تشدد، اجتماعی گرفتاریاں اور مذہبی رہنماؤں کو جلاوطن کرنے جیسے اقدامات کے باوجود عوامی جدوجہد جاری ہے۔
بیان میں بحرین کی عوامی تحریک کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ تمام تر حکومتی پابندیوں اور مظالم کے باوجود اس تحریک نے تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ پرامن جدوجہد جاری رکھی ہے۔ بحرینی عوام اپنے جائز مطالبات، شہری حقوق اور سماجی و سیاسی انصاف کے حصول کے لیے ثابت قدم ہیں۔
کانفرنس کے جنرل سیکریٹریٹ نے بحرینی عدالتوں کی جانب سے سنائے گئے سیاسی نوعیت کے فیصلوں کو بھی مسترد کرتے ہوئے انقلابی قیدیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
بیان میں عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، سیاسی جماعتوں، کانفرنسوں اور دیگر اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ آل خلیفہ حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے مؤثر اور وسیع اقدامات کریں تاکہ بحرین کے علماء، مذہبی شخصیات اور دیگر سیاسی و نظریاتی قیدیوں کو رہا کرایا جا سکے۔
بیان کے آخر میں بحرین کے عوام اور اپنے حقوق، عزت و وقار اور آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے افراد کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔










آپ کا تبصرہ