ہفتہ 28 نومبر 2026 - 03:06
 کوئٹہ، شیعہ علماء کونسل کے وفد کی مولانا محمد خان شیرانی کی عیادت / علمی و فکری امور پر تبادلۂ خیال

حوزہ/ مدرسہ امام صادق (س) کوئٹہ کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین بہادر حسین موحدی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ اکبر حسین زاہدی کی قیادت میں ایک وفد نے اہلِ سنت (دیوبند) کے معروف بزرگ عالمِ دین مولانا محمد خان شیرانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی عیادت کرتے ہوئے صحت و سلامتی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 26 نومبر 2026ء کو ہونے والی اس ملاقات میں مدرسہ امام صادق (س) کوئٹہ کے تعلیمی انچارج ڈاکٹر علی محمد جوادی اور اساتذہ کرام حجج الاسلام محمد یوسف طاہری، فدا حسین صابری اور حسین علی لطفی بھی وفد میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ مولانا محمد خان شیرانی کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے نمونیا کے عارضے میں مبتلا ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں کراچی کے آغا خان ہسپتال میں ایک ہفتے تک زیرِ علاج رکھا گیا۔ صحت یابی کے بعد وفد نے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کی خیریت دریافت کی۔

ملاقات کے دوران ابتدائی خیرسگالی کے بعد مولانا محمد خان شیرانی نے حسبِ معمول علمی اور فکری موضوعات پر گفتگو کا آغاز کیا۔

انہوں نے دنیا میں جاری جنگ و جدل، باہمی اختلافات اور نفرتوں کے خاتمے کے حوالے سے سوال اٹھایا کہ آخر وہ وقت کب آئے گا جب دنیا سے لڑائی جھگڑوں کا خاتمہ ہوگا؟ مسلمانوں کو ایسا کیا طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ محبت، اخوت اور تعاون کی فضا میں زندگی گزار سکیں؟

اس موقع پر علامہ اکبر حسین زاہدی نے قرآنِ مجید کی آیت مبارکہ تلاوت کی: «إِنَّ الْأَرْضَ يَرِثُهَا عِبَادِيَ الصَّالِحُونَ» (بے شک زمین کے وارث میرے نیک بندے ہوں گے۔)

علامہ زاہدی نے اس آیت کے مفہوم اور اس کے مصداق کے حوالے سے مولانا شیرانی کی رائے دریافت کی۔

جواب میں مولانا محمد خان شیرانی نے انسان کی تخلیق کے مقصد، خلافت اور عبادت کے باہمی تعلق پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفسرین اور محققین کے درمیان اس موضوع پر بحث جاری ہے کہ انسان کی تخلیق کا بنیادی مقصد خلافت ہے یا عبادت؟ انہوں نے بتایا کہ ایک علمی مذاکرے میں تفصیلی بحث و مباحثے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ اگرچہ خلافت اور عبادت مفہوم کے اعتبار سے الگ ہیں، تاہم ان کا مصداق ایک ہی ہے۔ حقیقی بندگی کا حامل انسان ہی خلافت کے مقام پر فائز ہوسکتا ہے، کیونکہ خلیفہ کی حقیقی شان بھی بندگی ہی ہے۔

 کوئٹہ، شیعہ علماء کونسل کے وفد کی مولانا محمد خان شیرانی کی عیادت / علمی و فکری امور پر تبادلۂ خیال

صالح بندوں کا مصداق اور انسانی معاشرے کی تعمیر

گفتگو کے دوران مدرسہ امام صادق کے استاد حجۃ الاسلام والمسلمین فدا حسین صابری نے آیت مبارکہ میں مذکور «عِبَادِيَ الصَّالِحُونَ» کے مصداق کے بارے میں سوال کیا۔

اس پر مولانا شیرانی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنی ذات کے لیے «أَحْكَمُ الْحَاكِمِينَ» (سب سے بڑا حاکم)، «أَحْسَنُ الْخَالِقِينَ» (سب سے بہترین پیدا کرنے والا) اور «خَيْرُ الرَّازِقِينَ» (سب سے بہتر رزق دینے والا) جیسی صفات بیان کی ہیں۔ ان صفات سے یہ بات بھی سمجھی جاسکتی ہے کہ انسان، جو اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہے، اپنی محدود استطاعت اور صلاحیت کے مطابق ان صفات کا مظہر بن سکتا ہے۔

انہوں نے اس تصور کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں میں سے جو افراد بہتر قوانین وضع کرنے اور اچھی حکمرانی کی صلاحیت رکھتے ہوں، جو نئی ایجادات اور سائنسی ترقی کے ذریعے انسانی زندگی کو آسان بنائیں اور جو معاشرے کے معاشی حالات بہتر بنانے کی اہلیت رکھتے ہوں، وہ بھی «عِبَادِيَ الصَّالِحُونَ» کے مفہوم میں شامل ہوسکتے ہیں۔

مولانا شیرانی کی گفتگو میں صالح بندوں کے مصداق کا دائرہ محض انفرادی عبادات تک محدود دکھائی نہیں دیا، بلکہ اس میں حکمرانی، علمی و سائنسی ترقی اور معاشی و سماجی بہتری جیسے اجتماعی پہلو بھی نمایاں تھے۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی مخصوص فرد یا طبقے کو آیت کا متعین مصداق قرار نہیں دیا۔

علمی نشست اور بین المذاہب روابط

اسی دوران ایرانی قونصل خانے کے ڈائریکٹر بھی مولانا محمد خان شیرانی کی عیادت کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ مولانا شیرانی ان کے استقبال کے لیے دوسرے کمرے میں تشریف لے گئے، جس کے باعث جاری علمی گفتگو مزید آگے نہ بڑھ سکی اور نشست ادھوری رہ گئی۔

اس ملاقات میں اہلِ سنت کے خطباء مولانا محمود الحسینی اور مولانا محمد اسماعیل بھی موجود تھے۔ نشست کے اختتام پر شرکاء کے درمیان عالمی حالات اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔

 کوئٹہ، شیعہ علماء کونسل کے وفد کی مولانا محمد خان شیرانی کی عیادت / علمی و فکری امور پر تبادلۂ خیال

دو دہائیوں پر محیط علمی و برادرانہ روابط

اس موقع پر یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ بلوچستان، بالخصوص کوئٹہ میں علامہ اکبر حسین زاہدی کے اہلِ سنت کے علماء و دینی شخصیات کے ساتھ روابط تقریباً دو دہائیوں پر محیط ہیں۔ ان دیرینہ تعلقات کے نتیجے میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کو ایک دوسرے کے علمی و فکری نظریات سمجھنے، باہمی قربت بڑھانے اور اعتدال و رواداری کے فروغ کے لیے عملی ماحول فراہم کرنے میں مدد ملی ہے۔

یہ روابط اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ علمی مکالمہ، باہمی احترام اور مسلسل رابطہ مذہبی و مسلکی اختلافات کے باوجود مشترکہ اقدار کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں اخوت و ہم آہنگی کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔ چنانچہ ایسی ملاقاتیں نہ صرف علماء کے باہمی تعلقات کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان اجنبیت کی فضا ختم کرکے اپنائیت، اعتماد اور تعاون کے جذبات کو بھی تقویت دیتی ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha