حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے 27 نومبر 2026ء کو شہر قم کے مصلائے قدس میں نماز جمعہ کے خطبوں کے دوران رہبر معظم انقلاب کے قومی کانفرنس برائے جوانیِ جمعیت کے نام پیغام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: رہبر شہید (رہ) بھی ہمیشہ آبادی میں نوجوانوں کے تناسب کو برقرار رکھنے اور جوانیِ جمعیت پر زور دیتے تھے کیونکہ نوجوان آبادی کسی بھی معاشرے کی طاقت اور اقتدار کے اہم پیمانوں میں سے ایک ہے۔
قم کے امام جمعہ نے شادی اور اولاد کے حوالے سے رہبر معظم انقلاب کی تاکیدات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: رہبر معظم نے اپنے پیغام میں نوجوان آبادی کے مؤثر کردار کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا، جن میں خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے ساتھ اقتصادی اور سماجی ترقی میں اس کا اہم کردار بھی شامل ہے۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ نے ہفتۂ بسیج اور بسیجِ مستضعفین کی سالگرہ کے موقع پر رہبر معظم انقلاب کے پیغام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آپ نے بسیج کے ذمہ داران کو موجودہ صلاحیتوں اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور معاشرے میں بسیجی جذبے کو فروغ دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
مجلس خبرگان رہبری کے نائب سربراہ نے کہا: بسیجی ہونے کی پہچان کوئی مخصوص لباس نہیں بلکہ بسیجی فکر ہے۔ جو شخص اپنی ذمہ داری کو پہچانتا ہو اور بروقت میدان میں حاضر ہوتا ہو، وہ بسیجی ہے۔ اس حوالے سے ڈاکٹر، عالم دین، انجینئر یا کسی دوسرے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد میں کوئی فرق نہیں۔
حکام معاشی اور ثقافتی مسائل کو جنگ سے نہ جوڑیں
آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا: دشمن نے ثقافتی محاذ اور اقتصادی محاصرے سمیت مختلف میدانوں میں ہمارے خلاف محاذ کھول رکھا ہے لہٰذا ایک محاذ پر مصروفیت دوسرے میدانوں سے غفلت کا جواز نہیں بن سکتی۔
انہوں نے مزید کہا: جس طرح ہم دشمن کے ساتھ مقابلے میں اب تک کامیاب رہے ہیں اور دشمن کے اعتراف کے مطابق ہم دنیا کی چوتھی سپر پاور بن چکے ہیں جبکہ رہبر معظم انقلاب کے بقول الٰہی حساب و کتاب کے مطابق دنیا کی پہلی سپر پاور ہیں، اسی طرح ہمیں دوسرے میدانوں میں بھی کامیابی حاصل کرنی چاہیے۔
قم کے امام جمعہ نے کہا: اگر ہم معاشی اور ثقافتی مسائل سے غافل ہو گئے تو دشمن ان سے فائدہ اٹھائے گا۔ ہمیں دشمن کو کسی بھی محاذ پر نقصان پہنچانے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔ جہاں بھی دشمن موجود ہو، وہاں مقابلے اور جدوجہد کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
بحرینی علماء اور نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ
آیت اللہ حسینی بوشہری نے آل خلیفہ حکومت کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: بحرین کے علماء اور نوجوان جیلوں میں قید ہیں اور ان کی آواز کہیں نہیں پہنچ رہی لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ قم اور پورے ایران کے عوام نے ان کی مظلومیت کی آواز سنی ہے اور ان کی رہائی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے بحرین کے حکام اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ علماء کے احترام اور ان کے مقام و مرتبے کا خیال رکھیں۔
انہوں نے ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: «الملک یبقی مع الکفر و لا یبقی مع الظلم» یعنی حکومت کفر کے ساتھ تو باقی رہ سکتی ہے لیکن ظلم کے ساتھ باقی نہیں رہ سکتی۔
آیت اللہ حسینی بوشہری نے بحرین کے حکام کو نصیحت کی کہ وہ ایران کے سابق شاہ کے انجام سے سبق سیکھیں جو علماء اور عوام کو جلاوطن اور قید کیا کرتا تھا لیکن بالآخر اس طرزِ عمل کا نتیجہ اسلامی انقلاب کی صورت میں سامنے آیا۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا سماجی کردار
امام جمعہ قم نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت اور یومِ خواتین کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو ’’ام ابیها‘‘ کہا جاتا ہے کیونکہ آپ نے بیٹی ہونے کے باوجود اپنے والد گرامی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ماں جیسا شفقت اور محبت کا برتاؤ کیا۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ نے اس اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہ اسلام میں خواتین کو سماجی کردار ادا کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، کہا: جنگِ احد میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی موجودگی، زخمیوں کی تیمارداری اور خطبۂ فدکیہ اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اسلام میں خواتین کی سماجی موجودگی اور کردار کو اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے اس روایت کی طرف بھی اشارہ کیا: «کانَ اِذا دَخَلَ عَلَیْها قَامَتْ اِلَیْهِ وَ رَحَّبَتْ» اس روایت کے مطابق جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے پاس تشریف لاتے تو آپ ان کے احترام میں کھڑے ہو جاتے اور ان کے استقبال کے لیے آگے بڑھتے تھے۔ یہ عمل حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و منزلت کو ظاہر کرتا ہے۔
عدل و انصاف دینِ اسلام کی بنیاد ہے
آیت اللہ حسینی بوشہری نے عدل و انصاف کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: جب اسلام کے دشمن دیکھتے ہیں کہ مسلمان حکام عدل و انصاف کے ساتھ حکومت کرتے ہیں تو وہ بھی دین کی طرف مائل ہوتے ہیں کیونکہ عدل و انصاف ہر انسان کی ضرورت اور خواہش ہے۔ اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دشمنوں کے ساتھ برتاؤ کے اصولوں میں بھی عدل کو بنیادی حیثیت حاصل تھی۔
انہوں نے کہا: اگر ایک دینی معاشرہ عدل و انصاف کا عملی مظاہرہ دیکھے تو اس کا ایمان اور دین پر استقامت مزید مضبوط ہوتی ہے، جبکہ غیر دینی معاشرہ بھی عدل و انصاف دیکھ کر دین کی طرف راغب ہوتا ہے۔










آپ کا تبصرہ