حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں اہلِ حق باطل قوتوں کے مقابلے میں سینہ سپر ہیں، جبکہ عرب حکمران امریکی اور اسرائیلی غلامی کا طوق اپنی گردنوں میں ڈال چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحرین میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بحرین کی آمرانہ حکومت دشمن کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بحرینی علماء کرام، دینی شخصیات اور اکابرین کے خلاف سنگین اقدامات کر رہی ہے۔ علماء کرام کی وسیع پیمانے پر گرفتاریاں، پھانسی کی سزائیں، جلاوطنی اور عمر قید جیسے ظالمانہ اقدامات انتہائی افسوسناک اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحرین کے حکمرانوں کو یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ آمریت کا دور گزر چکا ہے۔ آج کے دور میں وہی حکومتیں قانونی اور اخلاقی جواز رکھتی ہیں جنہیں عوام کی تائید و حمایت حاصل ہو اور جو جمہوری اصولوں کے مطابق عوام کے ووٹوں سے قائم ہوں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عرب حکمران ہمیشہ امریکی اور اسرائیلی مفادات کی تکمیل کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کے خلاف سازشوں کا حصہ بنتے رہے ہیں اور دشمن کے آلہ کار بن کر اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ یہی عرب مسلمان حکمران تھے جنہوں نے غزہ کے مظلوم عوام کو تنہا چھوڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج غزہ اور فلسطین کے شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں، جہاں معصوم بچے، خواتین اور بزرگ بھوک، افلاس اور بارشوں کی مشکلات میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ امتِ مسلمہ کو مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں متحد ہو کر عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔










آپ کا تبصرہ