حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جنڈ: مرکزی جامع مسجد غازی امام بادشاہ جنڈ، ضلع اٹک میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین سید امجد نقوی نے سورۂ انفطار کی آیات «وَإِذَا الْقُبُورُ بُعْثِرَتْ عَلِمَتْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ وَأَخَّرَتْ» کی روشنی میں قیامت، حشر و نشر، محاسبۂ نفس اور آخرت کی تیاری کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو دنیا کی عارضی زندگی کے بجائے اپنی دائمی منزل کی فکر کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قیامت کے دن جب قبریں اکھاڑ دی جائیں گی اور انسان اپنے پروردگار کے حضور حاضر ہوگا تو ہر شخص کو معلوم ہوجائے گا کہ اس نے اپنی آخرت کے لیے کیا اعمال آگے بھیجے اور دنیا میں اپنے پیچھے کیا چھوڑا۔ قرآن مجید کا یہ بیان انسان کو اپنی زندگی، اعمال اور ذمہ داریوں پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
حجۃ الاسلام سید امجد نقوی نے کہا کہ دنیا میں انسان مال و دولت جمع کرتا ہے، گھر اور زمینیں بناتا ہے، کاروبار اور شہرت کے حصول میں مصروف رہتا ہے، لیکن موت کے بعد یہ سب کچھ دنیا ہی میں رہ جاتا ہے۔ انسان کے ساتھ صرف اس کے اعمال جاتے ہیں، خواہ وہ نماز، صدقہ، نیکی، یتیموں کی مدد اور مظلوموں کی حمایت ہوں یا کسی کا حق مارنا، ظلم کرنا اور دوسروں کی عزت پامال کرنا۔
انہوں نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں دنیا کو گزرگاہ اور آخرت کو دائمی منزل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو عارضی دنیا کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ اپنی ابدی زندگی کی تیاری بھی کرنی چاہیے۔ مال، گھر اور کاروبار زندگی کی ضروریات ہیں، لیکن انہیں آخرت کی غفلت کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔
خطبے میں انہوں نے قبر کو انسان کے لیے بیداری اور معرفت کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قبر ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دنیا کی ہر نعمت عارضی ہے اور ایک دن انسان کو اپنے اعمال کے ساتھ بارگاہ الٰہی میں حاضر ہونا ہے۔ جس قبر میں آج دوسروں کو دفن ہوتے دیکھ رہے ہیں، ممکن ہے کل وہ ہماری آخری منزل ہو۔ اس لیے عقل مند انسان وہ ہے جو مرنے سے پہلے اپنے اعمال کا محاسبہ کرے، توبہ کرے، لوگوں کے حقوق ادا کرے اور جن سے زیادتی ہوئی ہے ان سے معافی مانگے۔
مولانا سید امجد نقوی نے کہا کہ موت سے پہلے انسان کے لیے توبہ، اصلاح اور نیکی کا موقع موجود ہے، لیکن موت کے بعد عمل کا یہ موقع ختم ہوجاتا ہے۔ آج انسان کسی کا حق واپس کرسکتا ہے، کسی سے معافی مانگ سکتا ہے اور اپنی عبادات و اخلاق کی اصلاح کرسکتا ہے، لہٰذا اسے وقت ضائع کیے بغیر اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کرنی چاہیے۔
انہوں نے دنیا کی محبت اور آخرت سے غفلت کو انسان کی بڑی کمزوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان دنیا کے لیے اس طرح کوشش کرتا ہے جیسے اسے ہمیشہ یہاں رہنا ہو، جبکہ آخرت کی تیاری میں غفلت برتتا ہے، حالانکہ اسے ہر لمحہ اپنی آخری منزل کو یاد رکھنا چاہیے۔
خطبے کے دوران اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات اور امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے ارشادات کی روشنی میں محاسبۂ نفس، نیکی، تقویٰ، حقوق العباد اور آخرت کی فکر پر زور دیا گیا۔ خطیب نے کہا کہ حقیقی معرفت انسان کو اپنے پروردگار کی طرف متوجہ کرتی ہے اور اسے اس بات کا احساس دلاتی ہے کہ دنیا میں اس کے ہر عمل کی ذمہ داری ہے۔
موجودہ حالات اور دنیا میں جاری جنگوں، ظلم و ناانصافی اور انسانی مشکلات کے تناظر میں بھی خطبے کا پیغام یہ ہے کہ انسان کو اپنی زندگی کو محض دنیاوی مفادات تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ عدل، انسانی حقوق، مظلوموں کی حمایت اور اخلاقی ذمہ داریوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ دنیا میں امن و انصاف کے قیام کے لیے بھی انسان کا کردار، اس کے اعمال اور اس کی اخلاقی ذمہ داری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
خطبے کے اختتام پر حجۃ الاسلام والمسلمین سید امجد نقوی نے بارگاہ خداوندی میں دعا کی کہ جب قبریں اکھاڑی جائیں اور انسان اپنے پروردگار کے حضور پیش ہوں تو انہیں نیکوکاروں میں شمار کیا جائے۔ انہوں نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل، ان کے حقیقی منتظرین اور مددگاروں میں شامل ہونے اور انسانوں کو آخرت کی تیاری کی توفیق عطا ہونے کی دعا بھی کی۔










آپ کا تبصرہ