حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نگرم-آندھرا پردیش/ عزاخانۂ منزلِ کربلا، نگرم، آندھرا پردیش میں شبِ یکشنبہ استاذُ المجتہدین، مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی یاد میں مجلسِ ترحیم و تکریم کا انعقاد عمل میں آیا۔ مجلس میں علمائے کرام، مؤمنین اور عقیدت مندوں نے شرکت کرتے ہوئے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآنِ کریم کی تلاوت کی۔ اس کے بعد سوزخوانی کا اہتمام کیا گیا۔

مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید عباس باقری نے علم و اہلِ علم کے فضائل اور دینی و علمی شخصیات کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی حیاتِ علمی، تدریسی خدمات اور مکتبِ اہلِ بیتؑ کے دفاع میں ان کے نمایاں کردار کا تفصیلی تذکرہ کیا۔
مولانا باقری نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے تقریباً نصف صدی تک حوزۂ علمیہ قم المقدسہ، ایران میں، جوارِ مرقدِ مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا، مسجدِ اعظم میں درسِ خارج کا سلسلہ جاری رکھا۔ آپ کے درسِ خارجِ اصولِ فقہ کو غیر معمولی علمی امتیاز حاصل تھا، جس میں ہزاروں علماء اور مجتہدین بطورِ شاگرد شرکت کرتے تھے۔ اصولِ فقہ کے دقیق اور پیچیدہ ترین مباحث کو نہایت سہل، جامع اور دل نشین انداز میں بیان کرنا آپ کا منفرد علمی وصف تھا۔ آپ اپنے درس کا آغاز دعائے عہد کی تلاوت سے فرماتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم ایک ممتاز مرجعِ تقلید اور یکتائے روزگار فقیہ ہونے کے ساتھ ساتھ صاحبِ اسلوب خطیب بھی تھے۔ آپ نے اپنے علمی بیانات اور عملی جدوجہد کے ذریعے مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام اور حریمِ ولایت کے دفاع میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا۔ بالخصوص ایامِ عزائے فاطمیہ کی تجدید، ترویج اور عالمی سطح پر ان ایام کو عاشورائے حسینی کی طرح بھرپور انداز میں منانے کے حوالے سے آپ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

مولانا باقری نے اس موقع پر موجودہ مقامِ معظمِ رہبری حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای حفظہ اللہ سے بھی مرحوم کے علمی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ تقریباً سترہ برس تک آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے درسِ خارج میں شریک رہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مرحوم کو حوزۂ علمیہ کا ایک عظیم ستون قرار دیا۔
خطاب کے اختتام پر مولانا باقری نے کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط اپنی زندگی کو علم، فقاہت، معرفت اور دینی خدمات کے لیے وقف رکھا۔ مختصر علالت کے بعد آپ نے داعیِ اجل کو لبیک کہا۔ آپ کے ارتحال پر حوزاتِ علمیہ اور عالمِ تشیع میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔

مرحوم کے جنازے میں قمِ مقدسہ اور مشہدِ مقدسہ میں ہزاروں علماء، طلاب اور مؤمنین نے شرکت کی۔ بعد ازاں آپ کو مشہدِ مقدسہ میں حرمِ مطہر حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے جوار میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپردِ خاک کیا گیا۔










آپ کا تبصرہ