اتوار 29 نومبر 2026 - 16:21
ضریحِ مطہر کی خدمت کی سعادت ملی تو دل کی کیا کیفیت تھی؟ امام رضا (ع) کی ایک خادمہ کے ناقابلِ فراموش تاثرات

حوزہ/ ہندوستان سے تعلق رکھنے والی حوزہ علمیہ کی طالبہ اور خادمۂ آستانِ قدس رضوی عزیز فاطمہ رضوی نے ضریحِ مطہر کی غبارروبی میں شرکت کی سعادت کو زندگی کا ناقابلِ فراموش روحانی اعزاز قرار دیتے ہوئے اپنے قلبی احساسات اور جذبات بیان کیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آستانِ قدس رضوی میں ضریحِ مطہر کی غبارروبی (ضریحِ مقدس پر موجود کو مخصوص پاکیزہ کپڑے سے صاف کرنے اور اس کی تطہیر کی روحانی رسم) ایک نہایت بابرکت اور معنوی عمل ہے، جس میں شرکت ہر محبِ اہلِ بیت علیہم السلام کے لیے ایک عظیم سعادت شمار ہوتی ہے۔ خصوصاً ان افراد کے لیے جنکا تعلق ایران سے نہیں ہے اور برسوں سے حرمِ مطہر کے جوار میں رہتے ہوئے زائرین کی خدمت اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج میں مصروف ہیں، اس خدمت کا شرف ایک خاص روحانی اہمیت رکھتا ہے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ ولادت کی آمد کے موقع پر آستانِ قدس رضوی کی جانب سے مخصوص خادمات کے لیے منعقدہ ضریحِ مطہر کی غبارروبی کے پروگرام میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والی حوزہ علمیہ کی طالبۂ اور خادمۂ آستانِ قدس رضوی، عزیز فاطمہ رضوی کو بھی شرکت کی سعادت حاصل ہوئی۔

ضریحِ مطہر کی خدمت کی سعادت ملی تو دل کی کیا کیفیت تھی؟ امام رضا (ع) کی ایک خادمہ کے ناقابلِ فراموش تاثرات

وہ گزشتہ تقریباً سولہ برسوں سے مشہدِ مقدس میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں اور آستانِ قدس رضوی کے جوار میں رہتے ہوئے درس حاصل کر رہی ہیں اور زائرینِ امام رضا علیہ السلام کے لئے خدمت بھی انجام دے رہی ہیں۔ اسی طرح گزشتہ چھ برسوں سے رواقِ غدیر میں اردو زبان بولنے والی مؤمنات کے درمیان مجالس اور تقاریر کے ذریعے معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج میں بھی سرگرم ہیں۔

ضریحِ مطہر کی غبارروبی میں شرکت کی یہ سعادت ان کے لیے محض ایک روحانی پروگرام میں حاضری نہیں، بلکہ اپنے مولا حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی خصوصی عنایت اور زندگی بھر کے لیے ایک ناقابلِ فراموش اعزاز ہے۔

اس بابرکت موقع پر حوزہ نیوز ایجنسی نے ان سے گفتگو کی اور ضریحِ مطہر کی خدمت کے اس روحانی تجربے، ان کے قلبی احساسات اور زائرینِ امام رضا علیہ السلام کی خدمت سے وابستہ ان کے جذبات کے بارے میں دریافت کیا۔

ضریحِ مطہر کی خدمت کی سعادت ملی تو دل کی کیا کیفیت تھی؟ امام رضا (ع) کی ایک خادمہ کے ناقابلِ فراموش تاثرات

سوال: ضریحِ مطہر کی غبارروبی میں شرکت کا دعوت نامہ ملنے کے بعد آپ کے دل کی کیا کیفیت تھی؟ کیا آپ نے کبھی تصور کیا تھا کہ آپ کو اپنے مولا کی بارگاہ میں اس خصوصی خدمت کا شرف حاصل ہوگا؟

عزیز فاطمہ رضوی: الحمدللہ، یہ میری زندگی کا ایک ایسا بابرکت اور ناقابلِ فراموش لمحہ ہے جس کی خوشی اور روحانی کیفیت کو الفاظ میں بیان کرنا میرے لیے بہت مشکل ہے۔ جب مجھے اس نورانی پروگرام میں شرکت کا خصوصی دعوت نامہ ملا تو میرا دل جذباتِ شکرگزاری سے لبریز ہو گیا۔ بار بار یہی احساس دل میں پیدا ہوتا رہا کہ میرے مولا حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام نے اپنی اس ناچیز خادمہ پر کس قدر کرم فرمایا ہے۔

میں خود کو اس سعادت کا اہل نہیں سمجھتی، بلکہ اسے خداوندِ کریم کا فضل اور امام رضا علیہ السلام کی خصوصی عنایت تصور کرتی ہوں۔ اہلِ بیت علیہم السلام کی بارگاہ میں حاضری اور ان کی خدمت کا شرف انسان کی کسی قابلیت یا استحقاق کا نتیجہ نہیں، بلکہ ان بزرگوار ہستیوں کے کرم اور رحمت سے حاصل ہوتا ہے۔

قرآنِ مجید میں ارشادِ خداوندی ہے: «قُلْ بِفَضْلِ اللَّهِ وَبِرَحْمَتِهِ فَبِذَٰلِكَ فَلْيَفْرَحُوا»؛ یعنی اللہ کے فضل اور اس کی رحمت پر خوشیاں منانی چاہئیں۔ میرے لیے یہ سعادت اسی فضل و رحمت کی ایک روشن مثال ہے۔

ضریحِ مطہر کی خدمت کی سعادت ملی تو دل کی کیا کیفیت تھی؟ امام رضا (ع) کی ایک خادمہ کے ناقابلِ فراموش تاثرات

سوال: ضریحِ مطہر کے قریب حاضری اور اس کی خدمت کے دوران آپ نے کس روحانی کیفیت کا تجربہ کیا؟ وہ کون سا احساس تھا جس نے اس لمحے کو آپ کے لیے زندگی بھر کی یاد بنا دیا؟

عزیز فاطمہ رضوی: ۸ آذر ۱۴۰۵ ہجری شمسی، مطابق ۱۹ جمادی الثانی ۱۴۴۸ ہجری قمری، کی صبح ۷ بج کر ۱۵ منٹ سے ۷ بج کر ۳۰ منٹ کے درمیان ضریحِ مطہر کی غبارروبی میں شرکت کا وہ مختصر وقت میرے لیے زندگی بھر کی یاد بن گیا۔ اس مقدس مقام پر حاضری کے دوران دل کی کیفیت ایسی تھی کہ آنکھیں اشکبار اور زبان شکرِ خداوندی میں مصروف تھی۔

ضریحِ مطہر کے قریب ہونا، اس کی پاکیزہ فضا میں اپنے مولا کی بارگاہ میں خدمت انجام دینا اور اس سعادت کو اپنے نصیب میں دیکھنا میرے لیے ایک ایسا روحانی تجربہ تھا جسے بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔

اس وقت میرے دل میں یہی احساس تھا کہ کاش یہ لمحے کبھی ختم نہ ہوں اور میں ہمیشہ اسی نورانی فضا میں اپنے مولا کی خدمت کرتی رہوں۔ میں نے اس سعادت کو اپنے مولا کی محبت، عنایت اور قربت کی ایک خاص نشانی سمجھا۔

اس پروگرام کے اختتام پر آستانِ قدس رضوی کی جانب سے عطا کیے گئے تبرکات، جن میں حرمِ مطہر کا مقدس پتھر، غبارروبی کے کپڑے کا متبرک ٹکڑا، ضریحِ اقدس کے اندر استعمال ہونے والا مخصوص معطر عطر اور مہمان سرائے حضرت امام رضا علیہ السلام کے دسترخوان سے ناشتے کی دعوت شامل تھی، میرے لیے عظیم روحانی سرمایہ ہیں۔ یہ تمام تبرکات میرے مولا کی بارگاہ سے ملنے والی محبت اور عنایت کی یادگار ہیں، جنہیں میں ہمیشہ اپنے دل میں محفوظ رکھوں گی۔

ضریحِ مطہر کی خدمت کی سعادت ملی تو دل کی کیا کیفیت تھی؟ امام رضا (ع) کی ایک خادمہ کے ناقابلِ فراموش تاثرات

سوال: آپ گزشتہ کئی برسوں سے آستانِ قدس رضوی کے جوار میں زائرین کی خدمت اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج میں مصروف ہیں۔ اس خدمت نے آپ کی زندگی اور روحانی احساسات پر کیا اثر ڈالا ہے؟

عزیز فاطمہ رضوی: گزشتہ تقریباً سولہ برسوں سے مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو آستانِ قدس رضوی کے جوارِ رحمت میں رہتے ہوئے علومِ آلِ محمد علیہم السلام کی ترویج اور زائرینِ امام رضا علیہ السلام کی خدمت کا شرف حاصل ہے۔ میرے لیے یہ زندگی کا ایک عظیم روحانی سرمایہ ہے کہ میں اس مقدس سرزمین پر رہتے ہوئے ہر روز حرمِ مطہر کے نورانی ماحول سے فیضیاب ہوتی ہوں۔

اسی طرح گزشتہ چھ برسوں سے رواقِ غدیر میں اردو زبان بولنے والی مؤمنات کے درمیان مجالس اور تقاریر کے ذریعے معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت کا موقع بھی نصیب ہو رہا ہے۔ میں اس خدمت کو اپنی زندگی کا اہم مقصد اور اپنے مولا کی بارگاہ میں ایک ناچیز نذرانہ سمجھتی ہوں۔

رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منقول ہے: «خَيْرُ النَّاسِ أَنْفَعُهُمْ لِلنَّاسِ»؛ یعنی لوگوں میں بہترین وہ ہے جو لوگوں کے لیے سب سے زیادہ نفع بخش ہو۔

امام رضا علیہ السلام کی تعلیمات بھی ہمیں خدمتِ مؤمنین اور صالحین سے وابستگی کی ترغیب دیتی ہیں۔ میرے نزدیک زائرین کی خدمت، ان کی دینی و روحانی رہنمائی اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج محض ایک ذمہ داری نہیں، بلکہ ایک روحانی فریضہ اور سعادت ہے۔

اس خدمت نے مجھے یہ احساس دلایا ہے کہ اہلِ بیت علیہم السلام سے محبت کا حقیقی اظہار ان کی تعلیمات پر عمل، ان کے زائرین کی خدمت اور انسانوں کے لیے نفع بخش بننے میں ہے۔ میں بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہوں کہ پروردگار اس حاضری اور ہماری تمام خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور ہمیں ہمیشہ اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت، خدمت اور زیارت کے نور سے منور رکھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha