حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ ک مطابق حکیم الامت مصور پاکستان علامہ اقبال رح کے 82 ویں یوم وفات کے موقع پر مدرسہ خاتم النبیین ص میں منعقدہ درسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال رح نے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور انہیں انگریزوں اور ہندووں کی غلامی سے نکال کر ایک ایسی آزاد اور خودمختار مملکت کا خواب دکھایا جو اسلام کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہو۔ علامہ اقبال رح نے امت مسلمہ کو قرآن کریم کی روشن تعلیمات سے روشناس کراتے ہوئے عالم مغرب اور سامراجی طاقتوں کے منحوس عزائم کو بے نقاب کیا۔ پاکستان کی سربلندی کے لئے ضروری ہے کہ اسے افکار اقبال کی روشنی میں چلایا جائے۔ علامہ اقبال رح کے افکار کو وطن پاکستان کے آئین اور دستور کا درجہ ملنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اس قوم کے محسن ہیں ان کے افکار تعلیمات ہمارے لئے رہنما اصول کا درجہ رکھتے ہیں۔ حکیم الامت کے یوم وفات پر ان سے عہد کرتے ہیں کہ جس پاکستان کا خواب انہوں نے دیکھا تھا اسے شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے ایک آزاد خودمختار خوشحال پاکستان تعمیر کریں گے۔