۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا محمد ظفر الحسینی

حوزه/آنے والے ایام عزا میں نہ صرف ارباب ایمان کی نظریں انہیں تلاش کریں گی بلکہ ہم سے زیادہ بیقراری اور شدّت کے ساتھ انہیں منبر ڈھونڈے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان میں شہر بنارس کے امام جمعہ،حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید محمد ظفر الحسینی نے علامہ طالب جوہری طاب ثرہ کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی سانحۂ ارتحال نے محرّم سے پہلے عزاداران مظلوم(ع) کربلا کو عزادار بنا دیا۔

تعزیت نامہ کا مکمل متن اس طرح ہے؛

وبشّر الصابرين الذين الذين اذا اصابتهم مصيبة قالوا انا لله و انا اليه راجعون

سلام عليكم بما صبرتم فنعم عقبى الدار...!
وااسفاه وااسفاه___!! 

علّامہ طالب جوہری طاب ثراہ کے سانحۂ ارتحال نے محرّم سے پہلے عزاداران مظلوم(ع) کربلا کو عزادار بنا دیا۔ اس سال فرش عزا بچھے گا تو امام مظلوم (ع) کے سوگوار جہاں اپنے آقا (ع)کا ماتم کریں گے وہیں آقا(ع) کے اس خطیب پر بھی آنسوٗ بہائیں گے جس نے ایک طویل عرصہ تک مجلس و منبر کی گرانقدر خدمات انجام دیں ، جس کا وجود علمی مضامین، معیاری نکتہ آفرینی، اچھوتے اسلوب بیان اور سنجیدہ طرز ادا کی بنا پر خطابت و ذاکری کے میدان میں اپنی ایک مخصوص پہچان رکھتا تھا اور اس فن کے ماہرین کے لۓ سنگ میل کی حیثیت کا حامل تھا۔ 

علّامہ نے اپنی ہمہ گیر شخصیت اور فکری کاوشوں سے گذشتہ ادوار کے نقصانات کی کافی حد تک تلافی کر دی تھی لیکن خود ان کی رحلت سے جو خلا واقع ہوا ہے شاید ہی اسے پر کیا جا سکے۔ 

آنے والے ایام عزا میں نہ صرف ارباب ایمان کی نظریں انہیں تلاش کریں گی بلکہ ہم سے زیادہ بیقراری اور شدّت کے ساتھ انہیں منبر ڈھونڈے گا اور غم حسین کا وہ ماحول انہیں رو رو کر پکارے گاجسے وہ اپنے انداز خطابت سے بیحد اثر انگیز بنا دیا کرتے تھے۔ ان کا حق ہے کہ اب ہم انہیں اپنے دل و دماغ میں، اپنی فکروں میں، اپنے قول و عمل میں اور اپنے اجتماعی و انفرادی وجود میں ہمیشہ زندہ رکھیں۔ 
میں ان کے فرزند ارجمند اور تمام پسماندگان کی خدمت میں غمزدہ دل کے ساتھ تعزیت پیش کرتا ہوں۔ 

والسّلام

خادم دین و ملّت 
محمد ظفر الحسینی (بنارس - انڈیا) 
یکم ذیقعدۃ الحرام 1441 ھ مطابق - ۲۳ /جون ۲۰۲۰ ء

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .