۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
علامہ تصور جوادی

حوزہ/ یہ چہلم شوکت اسلام کا مظہر ہوگا، اس دن تمام اہل اسلام نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم حضرت امام حسینؑ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بڑی تعداد میں اپنے گھروں سے نکلیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امسال چہلم امام حسینؑ پوری دنیا میں منفرد انداز میں منعقد کیا جائے گا، یہ چہلم شوکت اسلام کا مظہر ہوگا، اس دن تمام اہل اسلام نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم حضرت امام حسینؑ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بڑی تعداد میں اپنے گھروں سے نکلیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سربراہ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر نے وحدت سیکرٹریٹ مظفر آباد سے جاری بیان میں کیا۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرلز اور تنظیمی ذمہ داران سے کہا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کی سطح پر تمام برادر تنظیمات کے ساتھ مل کر اربعین کمیٹیز تشکیل دیں، عوام الناس کو چہلم امام حسینؑ کے مرکزی جلوسوں میں بھرپور شرکت پر آمادہ کروائیں اور جلوسوں کے راستوں پر سبیل امام حسینؑ و لنگر نیاز کا اہتمام کریں۔

علامہ تصور جوادی نے تمام اہل اسلام بلا تفریق شیعہ، سنی رنگ و نسل سے اپیل کی ہے کہ وہ چہلم امام حسینؑ کے دن امام حسینؑ کی اسیرہ بہن سیدہ زینب سلام اللہ علیھا اور آپؑ کے بیمار و قیدی فرزند امام علی زین العابدینؑ کی تاسی میں جس طرح وہ روز اربعین (چہلم) کو شام سے رہا ہو کہ کربلا آئے تھے اور جہاں پر بزرگ صحابی رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم حضرت جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان کا استقبال کیا تھا، اسی طرح ہم بھی بلاتفریق مکتب و مسلک چہلم امام حسینؑ کے جلوسوں میں شرکت کریں اور ان کا استقبال کریں، یہ عشق اہلبیت علیھم السلام اور محبت اصحاب رسول رضوان اللہ علیھم کا اظہار ہوگا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .