۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ جہانزیب جعفری

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حکومت اور بیوروکریسی کی شاہ خرچیوں کا سارا بوجھ عام عوام کو برداشت کرنا پڑھ رہا ہے، اگر موجودہ حکومت مہنگائی کو قابو نہ کر سکی تو آئندہ انتخابات میں عوام اسے بُری طرح مسترد کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ جہانزیب جعفری نے کہا کہ مہنگائی کی کمی کا حکومتی تاثر درست نہیں ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے حقائق کے برعکس بیانات ان کے منصب کے شایان شان نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت بوجھ بنتا جا رہا ہے۔ملک کے تمام شہروں کی مقامی انتظامیہ مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔خیبرپختونخوا اور مضافاتی علاقوں میں آٹے چینی کی قیمت دوسرے شہروں کی نسبت زیادہ ہیں۔یہاں کے عوام کو کئی گنا زیادہ مہنگائی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور بیوروکریسی کی شاہ خرچیوں کا سارا بوجھ عام عوام کو برداشت کرنا پڑھ رہا ہے۔قوم نے تحریک انصاف کی حکومت سے جو امید لگا رکھی تھی وہ بدترین مایوسی میں بدل چکی ہے۔ بھوک اور بے روزگاری سے تنگ افراد کی اپنے بچوں سمیت خودسوزی کے واقعات معمول کا حصہ بن رہے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کو موجودہ مہنگائی کا جواز بنا کر حکومت جان نہیں چھڑا سکتی۔اس مہنگائی کا اصل سب حکومتی اداروں کی نااہلی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت مہنگائی کو قابو نہ کر سکی تو آئندہ انتخابات میں عوام اسے بُری طرح مسترد کریں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .