حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ علماء فورم گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر بشیر احمد استوری نے پاکستان کے مایہ ناز عالم دین، پرنسپل مدرسہ جعفریہ کراچی استادالعلماء حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ نوروز علی نجفی کی رحلت پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے زندگی بھر علوم محمد و آل محمد علیہم السلام کی ترویج و تبلیغ میں صرف کی ہے۔
اس وقت حوزات علمیہ نجف اشرف، قم و مشہد کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں شیخ نوروز علی نجفی کے سینکڑوں شاگرد تبلیغ و ترویج دین اسلام میں مصروف ہیں۔ مرحوم کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
متحدہ علماء فورم گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر بشیر احمد استوری نے مرحوم کے تمام لواحقین، شاگردان بالخصوص ان کے بیٹے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ تقی نوروزی کو تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔