۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
محمد حسین بہشتی حوزہ علمیہ مشہد مقدس  

حوزہ/ صدر جامعہ روحانیت بلتستان شعبہ مشہد مقدس کے صدر حجت الاسلام شیخ محمد حسین بہشتی نے کہا کہ ملت تشیع اور مدارس دینیہ پاکستان کی عظیم  شخصیت استاد شیخ نوروز اب ہم  میں نہیں رہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجت الاسلام شیخ محمد حسین بہشتی نے حجت الاسلام و المسلمین شیخ  نوروز علی نجفی رحمۃاللہ علیہ کو ایک تاریخ ساز شخصیت
قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ نوروز علی نجفی رحمۃ اللہ علیہ   علماء اور طلاب دینیہ کے میر کارواں کے طور پر ایک جانی  پہچانی شخصیت تھے۔ ملت جعفریہ کے فرزندوں کی سرپرستی، رہنمائی اور دینی نہج پر ان کی تعلیم و تربیت کو اپنی زندگی کا اصلی ترین ہدف قرار دینا، ان کی نمایاں خصوصیات میں سے ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کا نام گرامی مختلف میدانوں میں خصوصاً دینی مدارس کی دنیا میں سند کی حیثیت رکھتا تھااور تعلیم،تربیت، علم اور عمل کے میدان میں ان کے ارشادات طلاب کے لئے راہ گشا تھے۔ہزاروں شاگرد بڑے ادب اور احترام سے ان کا نام لیتے ہیں اور اپنی کامیابی کو مرحوم کی کوششوں کا نتیجہ سمجھتے ہیں۔

صدر جامعہ روحانیت بلتستان شعبہ مشہد نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے اپنی پوری زندگی درس و تدریس اور مدارس کی مدیریت میں گزاری ،لیکن ان کی علمی اور نظریاتی گرفت اس قدر مضبوط تھی کہ دوست و دشمن سبھی ان کے مداح اور ان سے فیضاب ہوتے تھے۔وہ اپنی  دنیا میں"کأنه بُنیان مَرصُوص" تھے۔

شیخ بہشتی نے مرحوم و مغفور نجفی کی شخصیت پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت ہر طرح کے تعارفی کلمات اور حرکات سے مبرا تھی، جس چیز کو درست اور مفید سمجھتے تھے ،اسے کسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر، انجام دیتے تھے یا جو بات درست اور حق ہوتی تھی اسی کو حرف آخر قرار دیتے تھے۔

صدر جامعہ روحانیت نے بتایا کہ مرحوم صاحب تقوی، پرہیزگار سادگی اور انکساری کے پیکر تھے۔مرحوم اپنے شاگردوں کو بھی انہی چیزوں کی نصیحت کرتے تھےاور چونکہ وہ خود باعمل تھے اس لئے اس کا اثر بھی شاگردوں پر فوراً ظاہر ہوتا تھا۔درس و تدریس سے عشق کی حد تک وابستگی تھی۔ وہ طلاب دینی کی علمی پیشرفت اور کامیابی پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنےکو تیار نہیں ہوتے تھے اور کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوتے تھے کہیں یہ طالبعلم کی علمی ترقی میں رکاوٹ تو نہیں ہے۔اس میں شک کی گنجائش نہیں کہ آپ نے سو فیصد اورتمام معنی میں طلاب کی تربیت کی اور انہیں معاشرہ کے حوالہ کیا۔ شیخ نوروز  صاحب اپنے کردار اور گفتارکی وجہ سے ہمیشہ زندہ وتابندہ  رہیں گے۔آپ نے ایک عمر پرامن اور خاموشی کے ساتھ ملت جعفریہ کی خدمت کرکے اپنے آپ کو امام زمان علیہ السلام کا سچا پیروکارثابت کیا۔مرحوم کی عظیم خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مرحوم و مغفور شیخ نوروز علی نجفی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حجت الاسلام شیخ محمد حسین بہشتی نے کہا کہ کراچی کے معروف مدرسہ علمیہ جعفریہ میں آپ نے اپنی زندگی گزاری اور یہ آپ کی پرخلوص خدمات کا نتیجہ ہے کہ اس مدرسہ کے فاضل طلاب اور کامیاب علماء پورے پاکستان میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

 آخر میں انہوں نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم غم و اندوہ کی اس گھڑی میں مرحوم کے تمام رشتہ داروں ،عزیزوں اور شاگردوں کی خدمت میں تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہیں اورخدا وند متعال سے دعاگو ہیں کہ رب کریم پسماندگاں کوصبرجمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔

شریک غم_محمد حسین بہشتی
صدر جامعہ روحانیت بلتستان شعبہ مشہد

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .