حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شمالی کوریا نے اسرائیل کی طرف سے غزہ پر حالیہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے بہت سارے غیر نظامی لوگوں کی ہلاکت کا باعث بنے ہیں۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے کہاکہ اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ پٹی پر غیر قانونی بمباری کا آغاز کردیا ہے،جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل ایشیائی ممالک میں صلح و آشتی کی نابودی کا ذمہ دار اور سرطان کی مانند ایک ناجائز حکومت ہے۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے رواں ماہ اسرائیل کی طرف سے سوریہ اور فلسطین پر کی جانے والی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے جاری جارحیت اور اس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں،اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔
پیونگ یانگ نے اسرائیل کی طرف سے غزہ پٹی پر حالیہ بمباری کو، 21مئی کو اسرائیل اور حماس کے مابین کی جانے والی جنگ بندیوں کی قرارداد کی خلاف ورزی قرار دیا اور ان حملوں کو انسانیت کے خلاف جارحیت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے مظالم سے ایشیائی ممالک سمیت فلسطینی عوام کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔
پیونگ یانگ نے مزید کہا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطین کی اراضی پر غیر قانونی شہروں کی تعمیر اور ایک خودمختار ریاست پر وحشیانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےعرب قوموں کی جانب سے حاکمیت ملی کے تحفظ اور ایشیائی ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لئے کی جانے والی جد وجہد کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔