۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
مدرسہ علمیہ الزہراء(س) کلاردشت کی پرنسپل

حوزه/مدرسہ علمیہ الزہراء(س) کلاردشت کی پرنسپل خواہر زہرا بحر کاظمی نے کہا کہ حضرت عبدالعظیم(ع)عبداللہ ابن علی کے فرزند،امام حسن مجتبیٰ (ع) کی اولاد میں سے ہیں اور آپ کا سلسلۂ نسب چار پشتوں سے امام حسن مجتبی (ع) سے ملتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسۂ علمیہ الزہراء (س) کی پرنسپل محترمہ زہرا بحر کاظمی نے مازندران میں حضرت عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عبدالعظیم (ع) عبداللہ ابن علی کے فرزند،امام حسن مجتبی (ع) کی اولاد میں سے ایک ہیں اور ان کا سلسلۂ نسب چار پشتوں سے امام حسن مجتبی علیہ السلام سے ملتا ہے۔

محترمہ زہرا بحر کاظمی نے مزید کہا کہ حضرت عبدالعظیم علیہ السلام شیعہ علماء اور ائمہ معصومین علیہم السلام کے راوی اور اہل بیت اور ان کے پیروکاروں کی ممتاز، محبوب اور قابل اعتماد شخصیات میں سے ایک تھے اور آپ دینی مسائل،تعلیمات اور قرآنی علوم کے ایک عظیم عالم تھے اور جو چیز اس بزرگ اور عظیم امام زادے کی عظمت و بزرگی اور ان کے مقام کو مزید بلند کرنے کا باعث بنی ہے، وہ امام عصر علیہ السلام کا علم رجال کے ماہرین کو آپ کا احترام کرنے کی تاکید کرنا ہے۔

حوزہ علمیہ خواہران کلاردشت کی پرنسپل نے کہا کہ زیارت پر جانا پاکیزہ اور صالحین کے نام اور یاد کو زندہ رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے جس پر اسلامی ثقافت میں ہمیشہ تاکید کی گئی ہے، خاص طور پر جن کی زیارت کے بارے میں احادیث میں تاکید کی گئی ہو، انہی پاکیزہ اور نیک انسانوں میں سے ایک حضرت عبدالعظیم علیہ السلام ہیں کہ جن کی زیارت کے بارے میں اہل بیت (ع) نے تاکید فرمائی ہے اس سے آپ کی شخصیت اور مقام کی عظمت کا علم ہو جاتا ہے۔ حضرت امام ہادی (ع) نے فرمایا کہ جو بھی شہرِ ری میں اباالقاسم (عبدالعظیم علیہ السلام) کی زیارت کرے گا، خدا اسے اس زیارت کی پاداش میں جنت سے نوازے گا۔

انہوں نے تقویٰ اور علم کو حضرت عبد العظیم حسنی کے اہم اوصاف میں سے قرار دیا اور کہا کہ صاحب ابن عباد نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ ابوحماد رازی کہتے ہیں کہ میں حضرت امام ہادی علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوا اور آپ علیہ السلام سے کچھ سوالات کئے، جب میں نے آپ کے حضور سے رخصت ہونا چاہا تو آپ علیہ السلام نے فرمایا: جب بھی تمہیں کوئی مسئلہ درپیش آئے تو اس کا حل عبدالعظیم حسنی سے دریافت کرو اور میرا سلام ان تک پہنچا دو۔

محترمہ زہرا بحر کاظمی نے مزید کہا کہ حضرت عبدالعظیم (ع) کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک ولایت پذیری اور موقع سے فائدہ اٹھانا تھی۔ مؤمن کی زندگی میں ایک خصوصیت مواقع تلاش کرنا ہے، یعنی وقت سے بہتر استفادہ کرنا، مواقع کو ہاتھ سے جانے نہ دینا، اپنی جوانی اور اپنی زندگی کو ضائع نہ ہونے دینا، کچھ لوگ اپنی زندگیوں میں بہترین مواقع کو کھو دیتے ہیں اور اچانک ان کو یاد آجاتا ہے کہ ہماری زندگی ضائع ہوئی۔ان شاء اللہ، ہم حضرت عبدالعظیم علیہ السلام کی ان دو اہم اور نمایاں خصوصیات کو اپنے لئے نمونۂ عمل قرار دینے میں کامیاب ہوں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .