ہفتہ 19 فروری 2022 - 22:04
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی کی وفد کے ہمراہ ڈی پی او جعفر آباد سے ملاقات

حوزہ/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ ڈی پی او جعفر آباد محمد جواد طارق سے ملاقات کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ ڈی پی او جعفر آباد محمد جواد طارق سے ملاقات کی ہے اور ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس کے کردار کو سراہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے جواد طارق کی بطور ڈی پی او جعفر آباد تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ضلع میں قیام امن کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و صحت دو گرانقدر نعمتیں ہیں۔ امن معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ ہم نے قیام امن اور اتحاد کے لئے ہمیشہ حکومت اور انتظاميہ سے تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی حتی الامکان تعاون اور حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین امن و امان، اتحاد بین المسلمین اور حب الوطنی کی علمبردار جماعت ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کالعدم دہشت گرد ٹولے کی شرانگیزی کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بلا تفریق دہشتگردوں اور کالعدم تنظیموں کو شرانگیزی پھیلانے سے روکیں، کیونکہ کالعدم تنظيموں کے جلسے شرانگیزی کا سبب بنتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی محمد جواد طارق نے کہا کہ پولیس اور عوام کا باہمی تعاون امن کے قیام کی ضمانت ہے۔ سماج دشمن عناصر کے خلاف پولیس بھرپور کاروائی کرے گی۔

اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے انہیں اہل بیت علیہم السلام کا علمی مقام امت اسلامی کے اتحاد و وحدت کا محور کتاب کا تحفہ دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .