۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ / شیعہ علماء کو نسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ اس وقت ملکی حالات انتہائی  ناگفتہ بہ ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کو نسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملکی حالات انتہائی ناگفتہ بہ ہیں۔سیاسی لیڈران جب حکومت میں آتے ہیں تو قوم کو بار بار اتحاد و ہم آہنگی کے ساتھ رہنے کا کہتے ہیں مگر ان کا اپنا انداز پوری دنیا اور پوری قوم نے دیکھا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا: جو سیاستدان گالم گلوچ اور بدتہذیبی پر مشتمل گفتگو کرتے ہیں، اسمبلیوں میں ہنگامے کرتے ہیں ان سے قوم کیا توقع رکھے؟ وہ تو یہ ثابت کرتے ہیں کہ ہم تربیت شدہ نہیں ہیں۔ یہ لوگ حکومت کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔ اس بدتہذیبی سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہوئی ہے اور تعلیم یافتہ نوجوان ان سے سخت مایوس ہیں۔ امید ہے سیاسی راہنما اپنے اس روپے پہ نظرثانی کریں گے۔

علامہ عارف واحدی صاحب نے اتحاد امت پر تاکید کرتے ہوئے کہا: امت میں وحدت قائم کرنے کے بارے میں قرآن کریم کے واضح احکام موجود ہیں اور ملک پاکستان کا استحکام بھی پوری قوم کے اتحاد میں مضمر ہے۔

انہوں نے مزید کہا: دنیا میں سامراجی طاقتوں کا مسلمانوں کے خلاف ایک بڑا ہتھکنڈا ان کو آپس میں لڑانا اور تقسیم کرنا ہے تاکہ یہ کمزور ہوں اور ہم ان پر مسلط رہیں۔ اس کے مقابلے میں ہمیں آپسی اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیئے جدوجہد کرنی ہوگی تاکہ ہم ایک قوم بن کر امت مسلمہ اور اپنے ملک کو مضبوط کر سکیں۔

علامہ عارف واحدی نے آخر میں کہا: جمعۃ الوداع یوم القدس ہے۔ اس مناسبت سے ہمیں پوری دنیا میں پیغام دینا ہے کہ یہ اتحاد امت کا دن ہے ہم سب کو مل کر فلسطین و کشمیر اور دیگر مظلوم اقوام کو پیغام دینا ہے کہ ہم بیدار ہیں اور آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور امریکہ، انڈیا اور اسرائیل کی ہر شرارت کو ناکام بنائیں گے۔

قابلِ ذکر ہے کہ اس موقع پر الحاج میر الطاف حسین جعفری، علامہ اصغر یزدانی ،سید الطاف حسین کاظمی، علامہ کرپالوی، علامہ سید مختار حسین شاہ اور عبد اللہ رضا بھی موجود تھے۔

ملک پاکستان کا استحکام پوری قوم کے اتحاد میں مضمر ہے، علامہ عارف حسین واحدی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .