حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمی یوم القدس کے سلسلے میں کراچی پریس کلب پر شیعہ علماء کونسل (کراچی ڈویژن) شعبہ خواتین کی جانب سے مسجد اقصیٰ و مظلوم فلسطینیوں کے حق میں منعقدہ مظاہرے سے صوبائی صدر علامہ اسد اقبال زیدی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا: ہم فلسطینیوں کی آئینی ،جمہوری اور اخلاقی حمایت جا ری رکھیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک اپنا مثبت کر دار ادا کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت رکوائیں۔
علامہ اسد اقبال زیدی نے مزید کہا: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا، نصف صدی سے مسلمانوں کی مشترکہ میراث قبلۂ اول بیت المقدس پر اسرائیلی جبروتشدد ایک ہی منظر اور ایک ہی نقشہ پیش کر رہا ہے۔ قبلہ اول کی آزادی صرف عالم اسلام یا کسی خاص خطے یا ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت سے مربوط مسئلہ ہے لیکن ذمہ داری کے لحاظ سے اس کا تعلق براہ راست امت مسلمہ سے بنتا ہے۔ اس لئے دنیا بھر کی مسلم اقوام کے لئے چیلنج کی حیثیت حاصل کر چکا ہے اور دنیا اب نئے زاویے سے مسئلہ فلسطین کی طرف متوجہ ہوچکی ہے۔
علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا: مسئلہ فلسطین و کشمیر دنیا کے سلگتے ہوئے بین الاقوامی مسائل ہیں۔ امت مسلمہ کو متحد ہو کر قبلہ اول کی آزادی کیلئے مشترکہ جدوجہد کر نا ہوگااور فلسطینیوں کو اسرائیل کے شکنجے سے آزادکرا نا ہوگا۔
پورے پاکستان کی طرح کراچی میں بھی قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر یوم القدس کے سلسلے میں کانفرنس و مظاہروں و ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کراچی میں مرکزی مشترکہ ریلی کا انعقاد 29 اپریل 2022 بروز جمعۃالوداع نمائش تا تبت سینٹر کیا جارہا ہے جس میں تمام مذاہب و مسالک کے رہنماء و اکابرین شرکت و خطاب فرمائینگے۔
شیعہ علماء کونسل (کراچی ڈویژن) شعبہ خواتین کی جانب سے کراچی پریس کلب پر منعقدہ مظاہرے میں بھی خواتین کی بڑی تعداد نےشرکت کی ، اس موقع پر خواتین نے مسجد اقصیٰ اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں بینر و پوسٹر اٹھا رکھے تھے جبکہ فلسطین کے حق میں نعرے بلند کیئے جارہے تھے، مظاہرے میں شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ اسد اقبال زیدی نے خصوصی شرکت کی جبکہ علامہ رضی حیدر زیدی، محترم علی نقوی، علامہ کامران حیدر عابدی، محترم آفتاب میرزا، جے ایس او کے رہنماء برادر وجاہت پہلوانی سمیت دیگر نے شرکت و خطاب کیا۔